عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مڑواہ علاقہ میں بدھ کی دیر شام ایک المناک سڑک حادثہ میں چار خواتین سمیت 8 افرادجاں بحق ہوئے۔ یہ حادثہ سب ڈویژن مڑواہ میں بدھ کی دیرشام قریب 6بجے کو ریسل علاقہ میں پیش آیا ۔ ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبر JK14A/7482رینعی سے آستان گام کی طرف جارہی تھی جس دوران ڈرائیور اس پر سے قابو کھوبیٹھا اور گاڑی کئی سو فٹ نیچے رینعی نالے میں جاگری جسکے نتیجے میں8 افراد کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثے کی خبر ملتے ہی مقانی لوگوں و پولیس نے بچائو کارروائی عمل میں لائی اور نعشوں کو پی ایچ سی مڑواہ منتقل کیا گیا۔
ایس ڈی پی او مڑواہ دیوندر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سبھی افرادکی موقعہ پر ہی موت ہوئی جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔مہلوکین کی شناخت صفورہ بانو دختر غلام رسول ساکن انجر مڑواہ ،مزملہ بانو دختر ظہور احمد ملک ساکن یوردو مڑواہ ، عاسیہ بانو دختر محمد یونس ساکن یوردو مڑواہ ، موحسینہ بانو دختر غلام رسول ساکن انجر مڑواہ، گاڑی کے ڈرائیور عمر غنی ولد عبدالغنی شاہ ساکن نواپاچی،محمد عرفان ولد محمد رمضان حجام ساکنہ قدرنہ مڑواہ،محمد امین ولد غلام مصطفی شیخ ساکن چینجراور آفاق احمد ولد بشیر حجام ساکن تھچنہ دچھن کے طور ہوئی ہے۔سبھی نعشوں کو پی ایچ سی مڑواہ منتقل کیا گیا ، جہاں قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد انہیںآخری رسوم کی ادائیگی کیلئے ورثا کو سونپا جائے گا۔ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ نے بتایا کہ پولیس بچائو کارروائی میں لگی ہوئی ہے اور پتہ لگایا جارہا ہے کہ اسمیں کوئی اور مسافر سوارتو نہ تھا۔ ادھر سیاسی سماجی و مذہبی تنظیموں نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے حادثہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کیساتھ تعزیت کی ہے۔ غلام نبی آزادنے حادثے میں جان گنوانے والے آٹھ افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں آزاد نے کہا ’’ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو اتنی طاقت اور ہمت عطا فرمائے کہ وہ اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کر سکیں۔ میں ایک بار پھر توقع کرتا ہوں کہ حکام کافی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے کیونکہ اس طرح کے حادثات ہر دوسرے دن رونما ہوتے رہتے ہیں۔
جموں میں تیز رفتار ٹرک بے قابو،ایس پی او کو کچل دیا، ڈرائیور گرفتار
جموں//پولیس نے بتایا کہ بدھ کی صبح ناروال بائی پاس پر ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر ایک 27 سالہ اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو بھی اس وقت چوٹیں آئیں جب اس نے اپنی گاڑی کا کنٹرول کھو دیا اور ایک اور کھڑے ٹرک سے ٹکرایا۔SPO رجت چودھری، جو بشنہ کا رہائشی ہے، بائی پاس پر فاریسٹ چیک پوسٹ کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف پولیس پارٹی کا حصہ تھا جب اسے تمل ناڈو رجسٹریشن نمبر والے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔افسر نے بتایا کہ اس کے ساتھیوں نے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے کہا کہ ٹرک ڈرائیور کا زیر حراست ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔