کشتواڑ//مڑواہ اور گر د ونواح کے دیگر بالائی علاقوں کے لوگوں نے برف پوش علاقوں میں سرمائی تعطیلات میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ مڑواہ کے چند سرکاری اسکولوں سمیت گورنمنٹ پرائمری اسکول ککوندو،گورنمنٹ پرائمری اسکول نالان،یو پی ایس پاسر،یو پی ایس شسلان اور یو پی ایس دوند(دھارنا) مکمل طور برف میں دھنسے ہیں۔ یکم مارچ سے یہاں ایک دن بھی اسکول نہیں کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول ایجوکیشن محکمہ نے پہلے ہی دو ماہ کی طویل چھٹیاں ختم کردی ہیں لیکن مڑواہ کے نواحی علاقوں میں اب بھی تودے گرنے کا خطرہ موجود ہے جہاں 5فٹ سے لے کر6فٹ تک برف موجود ہے۔مڑواہ کے ایک شہری نے ٹیلیفون رابطہ سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سردی کی وجہ سے اسکولوں میں حاضری صفر کے برابر ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ بچوں کیلئے نا ممکن ہے کہ وہ مارچ کے مہینے میں اسکولوں میں جائیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے پہلے ہی متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے اور یہاں تک کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ سے بھی چھٹیوں کو بڑھانے کی بات کی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس معاملہ میں ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے اسکول ایجوکیشن سے کشمیر کی طرز پر اس ماہ کے آخر تک چھٹیاں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ کے رابطہ کرنے پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ غلام نبی بلوان نے کہا کہ انہوں نے اس معاملہ کے حل کیلئے ڈائریکٹر اسکول ایجو کیشن جموں کو موجودہ معلومات لکھ کر بھیجی ہے۔