شاہ نواز
مہور//ضلع ریاسی کے دور افتادہ علاقہ گلاب گڑھ میں کھیل و ثقافت کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے بچانے کی ایک مثبت پہل کے طور پر ایک ’نشہ مکْت والی بال ٹورنامنٹ‘ کا انعقاد گورنمنٹ مڈل اسکول کھوڑ میں کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں بلاک گلاب گڑھ کے مختلف علاقوں سے متعدد ٹیموں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔اس کھیل کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو نشے جیسی مہلک لت سے دور رکھ کر ایک صحت مند، باوقار اور سرگرم زندگی کی جانب راغب کرنا تھا۔ مقامی عوام، اساتذہ اور نوجوانوں نے اس اقدام کو خوب سراہا۔ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں ’لار لال لائن‘ اور ’نہوچ‘ کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز کھیل کے بعد لار کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ مقابلہ جیت لیا اور فاتح قرار پائی۔ فائنل کے بعد دونوں ٹیموں کو انعامات سے بھی نوازا گیا تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں مڈل اسکول کھوڑ کے اساتذہ و عملے نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے نہ صرف اس ایونٹ کی منصوبہ بندی کی بلکہ انتظامات کو بھی کامیابی سے انجام دیا۔اس موقع پر اسکول کے ایک سرگرم استاد صدرالدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’میرا مقصد ہے کہ ہم نوجوانوں کو بْری عادتوں اور خاص کر نشے سے بچا کر ان کی توانائی کو مثبت سرگرمیوں کی طرف موڑیں۔ کھیل، نوجوانوں کو نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند طرزِ زندگی سکھاتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ’میری تمام نوجوانوں سے اپیل ہے کہ جب بھی اس طرح کے پروگرام منعقد ہوں، چاہے وہ سرکاری ہوں یا نجی، ان میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ہم مل کر ایک صاف، صحت مند اور پائدار سماج کی تعمیر کر سکیں‘۔مقامی لوگوں نے اس پہل کی بھرپور حمایت کی اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ دیہی علاقوں میں کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکے۔