حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے گورنمنٹ مڈل اسکول کھوڑیناڑ کے ہیڈ ماسٹر جتیندر کمار شرما جن کا تبادلہ حال ہی میں ضلع ریاسی کے کسی اسکول میں ہوا ہے کیاعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسکول کے تمام اسٹاف ممبران اور طلباء و طالبات نے ان کو بہترین خدمات کے اعتراف میں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اس الوداعی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد اسکول کے سینئر استاد نے جتیندر کمار شرما کی اسکول کے لیے گرانقدر خدمات کو سراہا۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جتیندر کمار شرما نے اپنی انتھک محنت، گہری لگن اور دور اندیشی سیاسکول کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا اور طلباء کی تعلیم و تربیت میں ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ اساتذہ نے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے ان کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں اور دوستانہ رویے کی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے ہمیشہ ایک مشفق سرپرست کی طرح اسکول کے تمام معاملات کو بخوبی سرانجام دیا اور اساتذہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے ہیڈ ماسٹر سے جدا ہونے پر غمگین اور اشکبار نظر آئے۔ انہوں نے اپنے معصومانہ انداز میں جتیندر کمار شرما کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں عقیدت و محبت سے پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کئے۔اس موقعہ پر بچوں کا اپنے استاد کے لئے بے لوث پیار اور احترام اس بات کا عکاس تھا کہ موصوف نے نہ صرف انہیں تعلیم دی بلکہ ان کے دلوں میں اپنی محبت اور شفقت سے ایک خاص مقام بھی بنایا۔ہیڈ ماسٹرجتیندر کمار شرما نے اپنے خطاب میں اسکول کے تمام اسٹاف ممبران اور عزیز طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کھوڑیناڑ میں اپنی تعیناتی کے دوران پیش آنے والے تمام خوشگوار اور یادگار لمحات کو یاد کیا اور جذباتی لہجے میں کہا کہ یہ اسکول اور یہاں کے تمام لوگ ہمیشہ ان کے دل میں رہیں گے۔ انہوں نے طلباء کو دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے اور اپنے اساتذہ کا احترام کرنے کی قیمتی نصیحت کی۔انہوں نے اسکول کے اسٹاف کو بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور مستقبل میں بھی اس اسکول کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاگو رہنے کا عہد کیا۔تقریب کے اختتام پر اساتذہ اور دیگر اسٹاف ممبران نے جتیندر کمار شرما کو خوبصورت یادگاری تحائف پیش کیے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر ان کی عزت افزائی کی اور ان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ماسٹر جتیندر کمار شرما نے اس اسکول میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے ساتھ ایک مضبوط اور قریبی تعلق قائم کر رکھا تھا، جو کسی بھی صورت میں ایک خاندان سے کم نہیں تھا۔