راجوری//گورنمنٹ عمارتوں پر غیرقانونی قبضے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حکام نے نوشہرہ میں ایک سکول کی عمارت میں رکھے ہوئے تعمیراتی سامان کو چار سال کے وقفے کے بعد ہٹوادیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ سکھدیو سنگھ سمبیال نے بتایا کہ نوشہرہ میں گورنمنٹ مڈل سکول مکری کا اضافی عمارت کا احاطہ چار سال قبل تعمیر کیا گیا تھا لیکن ٹھیکیدار نے اپنا تعمیراتی سامان سکول میں رکھا جس کی وجہ سے عمارت کا استعمال نہ ہوسکا۔اے ڈی سی نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے اس بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا جس کے بعد ایک ٹیم نے مہم چلائی اور تعمیراتی مواد کو اسکول کی عمارت سے ہٹا دیا جس کے بعد عمارت کو استعمال کے قابل بنایاگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں کئے گئے ایک آپریشن میں ہسپتال کی سڑک پر کھڑی کی گئی تین غیر قانونی دکانوں کو ہٹا دیا گیا جس کے نتیجے میں سڑک کھلی ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش شاون نے غیر قانونی قبضے میں تمام عمارتوں کی خالی کروانے کا حکم دیا ہے۔