منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی سے لگ بھگ5 کلو میٹر دوری پر واقع مڈل اسکول موری اڑائی کی عمارت کا کام 6 سال گزر جانے کے بعد بھی مکمل نہ ہو سکا۔ اگر چہ اسکول کی پرانی عمارت موجود ہے مگر اس میں محض تین کمرے ہیں جو بوسیدہ حالت میں ہیں جن میں سو سے زائد طلبا کا گزارا نہیں ہو سکتا۔سکول کے ذرائع نے بتایاکہ نئی عمارت کا تعمیری کام سال 2010 میں محکمہ تعمیرات عامہ کی زیر نگرانی شروع کیا گیا تھا مگر 6سال گزر جانے کے باوجود بھی اس عمارت کی تعمیر کا کام مکمل نہ ہو سکا ،موسم بہتر ہونے پر اسکولی طلبا کو باہر بیٹھ کر تعلیم حاصل کر نی پڑتی ہے، اگر موسم خراب ہو تو پھر طلبا کو اس دن اسکول سے چھٹی ہی کر نی پڑ تی ہے۔اڑائی موری کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف احتجا ج کرتے ہوئے اس پر لاپرواہی کا الزام لگایا۔ محمد بشیر،محمد شریف اور محمد عبداللہ نامی مقامی لوگوں نے بتا یا کہ سکول کی پرانی عمارت کافی عرصہ سے بوسیدہ ہو چکی ہے جس میں بچے تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 6 سال قبل محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا مگر ابھی تک اسے مکمل نہیں کیا گیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متعدد دفعہ اڑائی کے لوگ ضلع ترقیاتی کمشنر اور محکمہ تعمیرات عامہ کے پاس وفود کی صورت میں گئے لیکن ہمیشہ ٹال مٹول کی پالیسی سے کام لیاگیا۔عوام نے ضلع انتظامہ کو یہ انتباہ دیا ہے کہ اگر موسم سرما سے پہلے پہلے سکول کی عمارت کا کام مکمل نہ کیا گیا تو وہ منڈی تحصیل صدر مقام پر آ کر احتجاج کریںگے ۔ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول موہری محمد اشرف نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں 100 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں مگر طلبا کو بیٹھنے کے لئے محض تین کمرے ہیں جن میں آٹھ کلاسوں کو تعلیم دی جاتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سکول کی عمارت پہلے سے ہی بوسیدہ ہے، اگر بارش ہو تو سکول کی چھت سے بارش کا پانی اندر آتا ہے جس کی وجہ سے پرائمری کلاسوں کو چھٹی کرنی پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول کی نئی عمارت کا کام 6 سال قبل شروع کیا گیاتھا مگر ابھی تک مکمل نہ ہو پایاہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد دفعہ محکمہ کے اعلیٰ افسرن کو تحریری طور پر کہا گیا مگر ابھی تک سکول کی عمارت کا کام شروع نہیں ہوا۔ رابطہ کرنے پر محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر منڈی ہروندر سنگھ نے بتایا کہ اس عمارت کا کچھ حصہ تو تعمیر کیا گیا ہے مگر باقی کے لئے ابھی پیسہ واگزار نہیںہوا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اعلیٰ افسران کو تعمیر کے حوالے سے فنڈز کے بارے میں لکھا ہے اورجونہی محکمہ فنڈز واگزار کرے گا تو سکول کی تعمیر کاکام مکمل کردیاجائے گا۔