تھنہ منڈی // گورنمنٹ مڈل سکول درہ کی تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا جو کئی برس گزرنے کے باوجود بھی نا مکمل ہے۔ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے دور دراز پہاڑی علاقے درہ میں سرکاری سکول کی حالت کئی سال تک انتہائی خستہ حالی کا شکار رہی ہے تاہم چند برس قبل اس کی تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا جس کے تحت چند کمرے تعمیر کئے گئے لیکن آج تک ان کمروں کا پلستر ہی نہیں کیاجاسکا جس کی وجہ سے برسوں سے تعمیری کام مکمل نہیں ہو پا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم پر الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ نے اس سکول کی تعمیر پر بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود اس کا کام ابھی تک تشنہ تکمیل ہے جوکہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ چند سال قبل سکول کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا جو نامعلوم وجوہات کی بنا پر برسوں سے تشنہ تکمیل ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ و متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔