سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اَسد نے لوگوںکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ترقیاتی مشن کو آگے بڑھانے کی خاطر اِنتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک لے جانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے کل ضلع کے ہارون بُلاک میں ’’ بُلاک دیوس ‘‘ کا اِنعقاد کیا۔ترقیاتی کمشنر کے سامنے مفاد عامہ کی شکایات پیش کرتے ہوئے پی آر آئیز نے دارا میں فلٹریشن پلانٹ کو چلانے ، پنشن ویریفکیشن ، پنچایت گھر کی تعمیر ، برف صاف کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کی ذمہ داری کا تعین اور آگ متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی سری نگر نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مطالبات کو جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ ان تمام مسائل کو وقت پر حل کیا جائے گا۔
اُنہوں نے بڑھاپے کے پنشن کے متلاشی کی شکایت کے بارے میں متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ دفتر اور مقام کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کریں جہاں وہ مزید تکلیف کا سامنا کئے بغیر دستاویزات جمع کرسکیں گے ۔اُنہوں نے دھاراں میں صرف ایک شیپ یونٹ مختص کرنے کے بارے میں لوگوں کی تشویش کو بھی دور کیا اور مزید درخواستیں جمع کرنے کو کہا۔اُنہوں نے کہا کہ شیپ یونٹوں کی الاٹنگ قرعہ اندازی سے ہوتی ہے او رشرکأ کا اِنتخاب شفاف عمل کے ذریعے کیا جاتا ہے۔اِس کے علاوہ محمد اعجاز اسد نے علاقے میں برف صاف کرنے کے حوالے سے تشویش کو دورہ کیا اور کہا کہ حکومت نے ایس ایم سی اور آر اینڈ بی کے درمیان برف صاف کرنے کے دائرہ اِختیار کو مطلع کیا ہے او رمقامی لوگوں کو اِس کی فکر نہیں کرنی چاہیئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ آگ متاثرین کے لئے معاوضے کی منظوری دے دی گئی ہے اور بہت جلد اُنہیں اَدا کی جائے گی۔اُنہوں نے بلاک دیوس میں فعال شرکت پر لوگوں کی تعریف کی ۔ترقیاتی کمشنر نے مُلنار ہارون کا دورہ کیا اور وہاں اُنہوں نے 20کنال اراضی پر محیط کیپکس 2022-23 ء کے تحت اسپریشنل بلاک سکیم کے تحت تیار کردہ مائیکرو اِری گیشن سسٹم کا اِفتتاح کیا۔مائیکرو اِری گیشن سسٹم کو محکمہ زراعت اور بہبودکساناں کے سوئیل کنزرویشن وِنگ نے تیار کیا ہے۔