عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر //جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس نے مون سون کے پیش نظر ضلع پونچھ میں ہنگامی اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل کو ایک خط روانہ کیا ہے جس میں مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے انسانی جان، املاک اور مویشیوں کے تحفظ کے لئے پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تنظیم کے چیئرمین اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک نے کہا کہ ہر سال شدید بارش، طوفان، اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سرحدی اور پہاڑی علاقوں کے لوگ سخت متاثر ہوتے ہیں، جن میں کئی خاندان اپنے پیاروں، گھروں اور ذریعہ معاش سے محروم ہو جاتے ہیں۔انہوں نے ڈی سی پونچھ سے اپیل کی کہ ڈی سی آفس میں 24×7 مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کیا جائے، ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے اور ہنگامی آلات، ادویات، اور پناہ گاہوں کو متاثرہ علاقوں میں پہلے سے تعینات کیا جائے۔انہوں نے تجویز دی کہ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں حساس علاقوں میں تعینات کی جائیں۔حقیقی وقت میں موسمی الرٹس جاری کئے جائیں۔ندی نالوں میں پانی کی سطح کے بارے میں مقامی آبادی کو بروقت معلومات دی جائیں۔بلاک سطح کی کوآرڈی نیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں جن کی سربراہی ایگزیکٹو مجسٹریٹ کریں اور جن میں مختلف محکموں کے افسران شامل ہوں۔ان ٹیموں کا مقامی لوگوں سے باقاعدہ رابطہ رکھا جائے۔مختلف محکموں جیسے موسمیات، فلڈ کنٹرول، محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ میں مضبوط رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے۔ڈاکٹر شہزاد نے مزید کہا کہ عوام میں آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں تاکہ وہ مون سون سے متعلق احتیاطی تدابیر سے واقف ہو سکیں۔