سرینگر// گورنر این این ووہرا نے مومن آباد سرینگر میں تعمیر کئے گئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر ریاست کے چیف جسٹس جسٹس بدر دریز احمد ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان ، جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے موجودہ اور سابق جج صاحبان ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل اور سول ، پولیس و جوڈیشل افسران کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ چیف جسٹس ، ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور عدالت سے جُڑے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے گورنر نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ کورٹ کمپلیکس 30 ایکڑ اراضی میں تعمیر کیا گیا ہے اور یہ کمپلیکس 2.5 لاکھ مربع فُٹ پر محیط ہے ۔ گورنر نے کہا کہ عدلیہ جمہوری نظام کا ایک لازمی جُز ہے جس کی مدد سے ملک کے قوانین کی حفاظت ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ عدلیہ لیجسلیچر اور ایگزیکٹو کے کام کاج کو احسن طریقے پر انجام دینے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نیشنل لاء سکول کے قیام سے کافی فائدہ ہو گا ۔ اس سے قبل گورنر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ انہوں نے چیف جسٹس کے ساتھ کورٹ کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا معائینہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ چیف جسٹس جسٹس بدر دریز احمد نے انصاف کی بروقت فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عدلیہ پر سماج کا اعتماد قایم رہتا ہے ۔ قانون ، انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے عدلیہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ جسٹس راما لنگم سدھاکر نے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر اور تکمیل کے بارے میں تفصیلات دیں ۔ جسٹس محمد یعقوب میر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رشید علی ڈار نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔