یو این آئی
موغادیشو// صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک مصروف ساحل پر حملے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوگئے، القاعدہ سے منسلک مسلح گروپ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔صومالیہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ موغادیشو کے ساحل پر کیے جانے والا حملہ الشباب گروپ کی جانب سے کیا گیا جس میں 32 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے۔جمعہ کو رات گئے الشباب کے مسلح افراد نے ساحل سمندر پر موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کردی اور بعد ازاں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ایک خود کش بمبار نے بیچ ویو ہوٹل کے مرکزی گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد کچھ مسلحہ افراد نے ساحل پر موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کردی۔حملے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر شیٔر کی جانے والی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساحل سمندر پر خون میں لت پت لاشیں بکھری ہوئی پڑی ہیں۔پولیس کے ترجمان عبد الفتاح عدن حسن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا حملے میں 32 شہری ہلاک اور تقریباً 63 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔