عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری جو کہ نوشہرہ حلقہ کے ایم ایل اے بھی ہیں ، نے موسم گرما کے پیش نظر جل شکتی ڈویژن نوشہرہ میں جے جے ایم اور نبارڈ کے تحت شروع کی گئی سکیموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ چیف انجینئر جل شکتی وکاس شرما نے نائب وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے نوشہرہ حلقہ میں کل 70 سکیمیں ہیں جن میں جل جیون مشن کے تحت 51سکیمیں ، 18سکیمیں یو ٹی کیپیکس بجٹ کے تحت اور ایک نبارڈ کے تحت جاری ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام شعبوں کا سکیم وار جائیزہ لینے کے بعد افسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں اور کام کے معیار پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ موسم گرما میں باقاعدگی سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جل شکتی ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ، جے پی ڈی سی ایل ، گراؤنڈ واٹر سمیت تمام محکمے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کرنے کیلئے ہم آہنگی سے کام کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اسمبلی حلقہ نوشہرہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت لوگوں کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات بہم رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے ہائی کورٹ اور سی اے ٹی میں زیر التوا ء صنعتوں اور تجارت ، ارضیات اور کان کنی ، عوامی بہبود کے کاموں اور روز گار کے محکموں کے قانونی مقدمات کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے قانون کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں کے حق میں مقدمات کو ختم کرنے پر توجہ دیں ۔