سرینگر/عظمیٰ نیوزسروس/محکمہ بجلی موسم سرما میں وادی میںروزانہ2000میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے تیارہے۔اس بات کی جانکاری صوبائی کمشنرکشمیرانشل گرگ کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں کشمیرپاورڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے دی۔انہوں نے کہا کہ کے پی ڈی سی ایل کے صارفین پوری وادی میں ہیں جس میں 12.44 لاکھ رجسٹرڈ صارفین ہیں جن میں سے 85% گھریلو صارفین ہیں جنہیں 338 رسوینگ سٹیشنوں و سب سٹیشنز (33/11kV) سے 1292 HT فیڈرز اور 47886 DTs کے ذریعے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت وادی میں بجلی کی اوسط طلب 1535 میگاواٹ ہے جبکہ طلب میں اضافے کے وقت یہ1850 میگاواٹ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی ڈی سی ایل وادی کو قابل اعتماد اور معیاری بجلی فراہم کر رہا ہے جبکہ ایل ٹی کیبل اور سمارٹ میٹر والے علاقوں اور فیڈرز کو بغیر کسی لوڈ شیڈنگ کے سپلائی فراہم کی جاتی ہے سوائے چندعلاقوں کے جہاں گرڈ، رسیونگ سٹیشن اور لائن کی رکاوٹوں کی وجہ سے اس پر عمل درآمد میں تاخیر ہو رہی ہے۔کٹوتی کے اوقات کے بارے میں، انہوں نے بتایا کہ ضروری فیڈرز اور اعلان کردہ 24×7 فیڈرز کے لیے 15 فیصد سے کم اے ٹی اینڈ سی لاس مارجن کے ساتھ، کٹوتی صفر گھنٹے ہے۔15%-40% نقصان کے مارجن والے علاقوں میں روزانہ 2گھنٹے کے لیے کٹوتی مقرر کی گئی ہے جس میں صبح ایک گھنٹہ اور شام میں ایک گھنٹہ شامل ہیں۔40% سے زیادہ نقصان کے مارجن والے علاقوں میں کٹوتی 4 گھنٹے فی دن کے لیے صبح ڈیڑھ گھنٹے اور شام کے وقت اڑھائی گھنٹے کے لیے مقرر کی گئی ہے اور LCP سے زیادہ نقصان کے مارجن والے علاقوں میں 6 گھنٹے سے زیادہ کی کٹوتی کی جاتی ہے۔صوبائی کمشنر نے میٹنگ میںدرختوں کے شاخوں کی کٹائی کے پروگرام کو 15 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ سردیوں کے دوران خاص طور پر برف باری کی وجہ سے کم سے کم رکاوٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی کمشنر نے DTs کے کافی سٹاک کے ساتھ ڈویژنل اور سنٹرل ورکشاپس کی صلاحیت میں اضافہ، اہم مواد کی ڈمپنگ کے علاوہ اہم تنصیبات کے لیے ڈیزل جنریٹرسیٹوں کے لیے ہائی سپیڈ ڈیزل کی دستیابی اور گریز کی غیر الیکٹریفائیڈ بیلٹ پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ،صوبائی کمشنر نے موسم کی خرابی کی وجہ سے بجلی کی خرابی کی صورت میں بجلی کی سپلائی کی فوری بحالی کے لیے کنٹرول رومز میں وقف ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پندرہ دنوں کے اندر ڈی ٹیز کے بیک لاگ کو ٹھیک کرنے اور اضلاع میں ٹی آئل ڈمپ کرنے پر زور دیا۔سوریہ گھرسکیم کی پیش رفت کے بارے میں،صوبائی کمشنر نے سمارٹ میٹرنگ اور سوریہ گھر کی تنصیبات کی پیش رفت کو ہم آہنگ کرنے پر زور دیا اور ان علاقوں میں ہدف پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت دی جہاں ایک اہم کامیابی حاصل کی گئی ہے۔دریں اثنا، انہوں نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو ہدایت کی کہ وہ کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مزید تکنیکی عملے کی خدمات حاصل کرکے انفرا تنصیبات کی اپنی کوششوں کو دوگنا کرے۔