عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر خان نے جمعرات کو کہا کہایس ایم سی برف باری کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیارہے ۔انہوں نے کہا کہ اہلکار اور مشینری کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس ہے۔خان نے کہا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن نے شہر کو 4 زونوں میں تقسیم کیا ہے اور لوگوں کو تکالیف سے بچانے کیلئے زونل کنٹرول رومز (ZCRs) قائم کئے گئے ہیں۔جمعرات کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر خان نے کہا کہ حکام اس موسم سرما کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کام کی تقسیم تیار کر لی گئی ہے اور برف ہٹانے کیلئے درکار مشینری تیاررکھی گئی ہے۔انہوںنے بتایاکہ برف ہٹانے کے انتظامات تیار کر لئے گئے ہیں۔ شہر میں میونسپل سطح کا ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس کی نگرانی جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی سطح کے افسر کررہے ہیں۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنرموصوف نے کہا کہ سرینگر شہر کو چار زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون میں زونل کنٹرول روم اور زونل انچارجز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے اس سال برف ہٹانے کیلئے بہتر انتظامات کئے ہیں۔کمشنر موصوف نے کہا’’ ہمارے پاس تقریباً 55 برف ہٹانے والی مشینیں ہیں‘‘۔انہوںنے کہاکہ ’ہم نے پچھلے2سالوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھایا ہے اور 45 نئی برف ہٹانے والی مشینیں خریدی ہیں جبکہ پرانی مشینوں کو دوبارہ بڑھایا گیا ہے‘۔اطہرعامرنے مزید کہا کہ جوانوں اور مشینری کی تعیناتی کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے اور یہ کام ہنگامی حالات میں دو شفٹوں میں ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال سنو بلی مشینیں استعمال کی جائیں گی، جو کہ ایک خاص قسم کی گاڑی ہے جس میں سڑکوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانے کیلئے ایک خاص مواد کی تہہ ہوتی ہے۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر امیر خان نے کہاکہ2800 اہلکاروں کوبرف باری کی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رکھا گیا ہے۔ ڈی آئسنگ سالٹ(برف ربائی کیلئے نمک) خرید کر مطلوبہ دفاتر کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ رکاوٹوں سے بچنے کے لیے85 مستقل ڈی واٹرنگ اسٹیشن بھی تیار رکھے گئے ہیں۔ مزید برآں25 ڈی واٹرنگ موبائل یونٹس لگائے گئے ہیں۔کمشنر موصوف نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ برف باری کے دوران اپنی گاڑیاں گلیوں میں پارک کرنے سے گریز کریں۔انہوںنے کہاکہ اگر لوگ اپنی گاڑیاں برف کے دوران گلیوں میں کھڑی کرتے ہیں، تو یہ ہمیں لین صاف کرنے اور پیدل چلنے والوں کے لیے چلنے کے قابل سڑک بنانے میں مشکل وقت دیتا ہے۔