سرینگر //محکمہ موسمیات نے یکم سے 6جنوری تک ٹنل کے آرپاربھاری برف باری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ مغربی ہوائوں نے جموں وکشمیر کا رخ کر دیا ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ہی یکم جنوری سے ریاست کے تینوں خطوں کشمیر،جموں اورلداخ میں موسمی صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور یہاں دن بھر موسم ابرالودہ رہا اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے لگیں ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے2مراحل میں موسمی صورتحال کے حوالے سے ارْخ اختیارکئے جانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے اوراس سلسلے میں جموں اورکشمیرصوبوں کے صوبائی کمشنروں کوپیشگی اطلاع دیتے ہوئے یہ اندیشہ ظاہرکیاگیاکہ بھاری برف باری ہونے کی صورت میں ریاست بھرمیں زمینی اورفضائی روابط متاثرہوسکتے ہیں۔ منگل کو محکمہ موسمیات کی جانب سے موصولہ جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہوائیں 1سے2جنوری 2019تک موسم کو متاثر کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں یہاں ریاست جموں کشمیر اور لداخ میں برف باری اور بارشیں ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پہلگام میں منفی 4.9گلمرگ میں منفی 4.2کپواڑہ میں منفی 5.4قاضی گنڈ میںمنفی 3.4 ڈرگری سلشیش ریکارڈ کیا گیا اس کے علاوہ لداخ خطہ میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے اور خطہ کے لیہہ علاقے میں اس رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.6جبکہ گرگل میں منفی 17.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس طرح یہ دونوں علاقے سردی کی شدید لیپٹ میں ہیں ۔