رائے پور//چھتیس گڑھ ریاست کے کسان مرکز اور ریاستی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لئے آمادہ نظر آرہے ہیں۔ کسانوں نے 14جون کو وزیراعظم نریندر مودی کے چھتیس گڑہ دورہ کے دن یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔چھتیس گڑھ پرگتی شیل کسان تنظیم کے کنوینر راجکمار گپتا نے بتایا کہ ایکزیکیوٹیو کی میٹنگ میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق 2013کے چھتیس گڑھ انتخابات میں اور 2014کے لوک سبھا الیکشن میں کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہونے سے ناراض چھتیس گڑھ کے کسان وزیراعظم نریندر مودی کے چھتیس گڑھ آنے پر 14جون کو 'یوم سیاہ' منائیں گے ۔اس دن کسان کالافیتا لگاکر اور گاوں میں کالا جھنڈا لہراکر سرکار اور انتظامیہ کے خلاف عدم اطمینا ن کا اظہار کریں گے ۔ وزیراعظم کے پروگرام میں کسی بھی طرح سے رخنہ نہیں ڈالا جائے گا۔ حالانکہ کسانوں کو وزیراعظم کے اجلاس میں نہیں جانے کی صلاح دی گئی ہے ۔مسٹر گپتا نے بتایا کہ کسانوں کو 2022میں آمدنی دوگنا کرنے کا خواب دکھایا جاتا ہے ۔ کسان اپنی خراب مالی حالت کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہیں توان سے مٹی کے صحت کی بات کہی جاتی ہے ۔انہوں نے مسٹر مودی کو نشانہ پر لیتے ہوے کہاکہ وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور کسانوں کی حالت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ان سے پورے ملک کے کسانوں کے لئے مساوی پالیسی اور اسکیم بنانے کی امید کی جاتی ہے ۔ وہ اترپردیش، کرناٹک سمیت الیکشن والی ریاستوں میں کسانوں کے قرض کی معافی کی بات تو کرتے ہیں لیکن پورے ملک کے کسانوں کی یکمشت قرض سے آزادی پر خاموشی اختیار کرلتے ہیں۔یو این آئی ۔