سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے لشکر طیبہ کی جانب سے جھڑپوںکے دوران کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے الزام کو تشویشناک بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کو اس حوالے سے وضاحت کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں حالیہ کئی جھڑپوں کے دوران مارے گئے جنگجووں کی جلی ہوئی اور مسخ شدہ نعشوں کی جو تصاویرسماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر دیکھی جارہی ہیں وہ یقیناََ پریشان کن ہیں اور اس بات کو دیکھتے ہوئے لشکر طیبہ کے بیان کو محض ایک الزام جان کر نظرانداز کردینا مشکل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کرکے معاملے کی وضاحت کی جانی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ نئی چیزیں اسوقت سامنے آنے لگی ہیں کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی تشدد کی بد ترین تکنیکوں کے خالق اور مسلمان دشمنوں کے قائد اسرائیل کے دورہ پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی روایتی پالیسی،جو بذات خود محض ایک دکھاوا تھا، سے انحراف کرتے ہوئے نریندر مودی نے ملک کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی پرواہ کئے بغیر اسرائیل کا دورہ کیا اور برملا طور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اشتراک کی نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے۔ انجینئر رشید نے ہندوستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کسی بھی طرح کے دباؤ میں آئے بغیر حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگوں کو خود ہی طے کرنا ہوگا کہ وہ کشمیر کا مسئلہ حل کرکے ایک پرامن جنوبی ایشیاء میں رہنا چاہتے ہیں یا اسرائیل جیسے شاطرانہ ذہنیت رکھنے والوں سے ملکرخود کو مسلمانوں سے الگ تھلگ کرنا چاہتے ہیں۔