عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے ملک بھر میں تعاون پر مبنی تحریک کو وزیر اعظم نریندر مودی کی بے مثال حمایت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے گزشتہ برسوں میں اس کی مضبوط ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔جے کے یو ٹی بی جے پی کوآپریٹیو سیل کے زیر اہتمام ’کوآپریٹیو کے ذریعے خوشحالی‘ کے لیکچر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر رانا نے کہا کہ نچلی سطح کے اداروں کو بااختیار بنانے اور کوآپریٹو انٹرپرائزز کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کی ثابت قدمی نے اس اہم شعبے کو پھر سے تقویت بخشی ہے جس سے پوری دنیا میں سماجی و اقتصادی ترقی ہوئی ہے۔کنوینر جے کے یو ٹی بی جے پی کوآپریٹیو سیل سنجیو ورما اور شریک کنوینر اشوک سنگھ سمبیال، شام لال گپتا، وکرانت ڈوگرا اور پروین شرما چیرمین سٹیزن کوآپریٹو بینک نے کوآپریٹو موومنٹ پر خاص طور پر پچھلے دس سالوں کے دوران اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک جائزہ پیش کیا۔رانا نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پرایاس تعاون پر مبنی اور اجتماعی ثقافت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے جو نہ صرف جامع ترقی کے لئے محرک رہا ہے بلکہ ہندوستان کی قابل رشک ترقی کی کہانی میں حصہ ڈالنے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے ترقی اور دیہی ترقی کو فروغ دینے میں کوآپریٹیو کی بے پناہ صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوآپریٹو موومنٹ انٹرپرینیورشپ اور خود انحصاری کو فروغ دینے میں گیم چینجر بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے کوآپریٹو سیکٹر کو مضبوط ترغیب فراہم کی ہے، جس سے یہ دیہی خوشحالی کے کلیدی محرک کے طور پر ابھرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تحریک کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ایک مشن موڈ میں فروغ دے رہے ہیں اور آگے بڑھا رہے ہیں۔رانا نے کہاکہ ’’جبکہ بی جے پی بڑے پیمانے پر کوآپریٹو تحریک کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، کانگریس نے ساٹھ کی دہائی میں کوآپریٹو کے جذبے کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ موصوف نے کہا کہ کوآپریٹو موومنٹ چھوٹے سے چھوٹے افراد کے لئے مواقع کی راہیں کھولتی ہے، جو کم سے کم سرمائے کے ساتھ مل کر اپنی معاشی بقا کے لئے اپنے منصوبے شروع کر سکتے ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔دیویندر رانا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کوآپریٹو سیکٹر کو مزید مضبوط بنانے کے لئے وزیر اعظم کا غیر متزلزل عزم معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان پائیدار ترقی، جامع ترقی اور ہم آہنگی کیلئے اہم ثابت ہوگا۔