یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کھڑگ پرساد شرما اولی کو نیپال کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی ہے ۔ مودی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک مبارکبادی پیغام میں کہا’’کے پی شرما اولی کو نیپال کے وزیر اعظم کے طور پر آپ کی تقرری پر مبارکباد اپنے مبارکبادی پیغام میں مودی نے کہا’’ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے اور اپنے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں‘‘۔نیپال میں پشپ کمل دہل پرچنڈ کی حکومت اقلیت میں آنے کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف نیپال (یو ایم ایل) کے رہنما کے پی شرما اولی نیپالی کانگریس کی حمایت سے دوبارہ وزیر اعظم بن گئے ہیں۔نیپال میں سی پی این-یو ایم ایل پارٹی کے صدر کے پی شرما اولی نے پیر کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ سابق وزیر اعظم پشپ کمار دہل پرچنڈ کی تحریک عدم اعتماد میں ناکامی کے بعد اتوار (14 جولائی) کو اولی کو نئی مخلوط حکومت کا وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے وزیر اعظم کے عہدے کی حلف برداری کے بعد کانگریس پارٹی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ہندنیپال دوستانہ تعلقات کی بھی یاد دہانی کرائی ہے۔کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے ہم کے پی شرما اولی کو نیپال کے وزیر اعظم کے طور پر ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ قریبی پڑوسیوں کے طور پر ہندوستان اور نیپال دوستی اور شراکت داری کے انوکھے (گہرے) تعلقات رکھتے ہیں۔ جو رشتیداری اور ثقافت کے ذریعے لوگوں کے درمیان گہرے رابطوں کی خصوصیت ہے۔ ہر ہندوستانی روشن مستقبل کے لیے باہمی تعاون کے اس بندھن کو مزید مضبوط کرنے کا منتظر ہے۔