سرینگر //وزیر اعظم نریندر مودی نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی اس بات پر ستائش کی ہے کہ اس نے مانسبل کے ایک 18سالہ نوجوان کو سوچھ بھارت صفائی مہم کیلئے اپنابرینڈ ایمبسڈر(صفائی کی علامت کا سفیر ) مقرر کیا ہے۔اتوار کو ’من کی بات‘ پروگرام میں وزیر اعظم نے کہا’’ میں ایس ایم سی کو اس بات کیلئے مبارک باد دیتا ہوں کہ اس نے18سالہ بلال احمد ڈار کو سوچھ بھارت مہم کیلئے برینڈ ایمبسڈر مقرر کیا ہے،آپ سوچتے ہونگے کہ یہ نوجوان کوئی ہیرو یا کھلاڑی ہوگا، نہیں،بلال احمد ڈار 12سال کی عمر سے ہی ایشیاء کے سب سے بڑے جھیل ’جھیل ولر‘ کی صفائی کیلئے سرگرداں رہے ہیں،اسکا والد کینسر سے فوت ہوا،کمر عمری میں ہی ڈار نے جھیل ولر سے پلاسٹک بولتیں،پالتھین اور دیگر کوڑا کرکٹ اٹھانا شروع کیا، وہ اسی سے اپنا گذارا بھی کرتا تھا‘‘۔ وزیر اعظم نے کہا’’ ڈار نے قریب1200کلو گرام کوڑا کرکٹ جھیل ولر سے اٹھایا اور وہ دوسروں کیلئے مثال بن گیا‘‘۔مودی نے کہا کہ ایس ایم سی نے اب انہیں ایک گاڑی اور وردی فراہم کی ہے اور وہ مختلف مقامات پر جاکر صفائی مہم کیلئے لوگوں کو راغب کررہا ہے،وہ بیشک نوجوان ہی ہے لیکن دوسروں کیلئے ایک مثال۔وزیر اعظم نے کہا کہ سرینگر میں صفائی مہم کے دور رس نتائج نکلیں گے کیونکہ کشمیر ایک سیاحتی مقام ہے جو سیاحوں کو اسکی جانب زیادہ راغب کا سبب بن سکتا ہے۔