عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ کانگریس نے مہاراجہ ہری سنگھ کے وقار اور عزت کے ساتھ سمجھوتہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کی حکمرانی کو اب بھی جموں و کشمیر کا سنہری دور سمجھا جاتا ہے تاہم بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہاکہ پنڈت جواہر لال نہرو نے نیشنل کانفرنس کے عزائم کو پورا کرنے اور ان کوخوش کرنے کی پالیسی کے تحت لوگوں کی امنگوں کو کمزور کیا’۔’
رانا نے سابق وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر شام لال شرما، ڈی ڈی سی چیئرمین کے ساتھ امب گھروٹہ منڈل کے مالپور اور سیری پنڈتن میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور اس کے بعد کی حکومتوں نے سماجی اور مذہبی اصلاحات لانے میں مہاراجہ بہادر کے تعاون کو نظر انداز کیا اور یہ صرف بی جے پی ہی تھی جس نے عوام کے تئیں ان کی عقیدت اور لگن کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ ان کی یوم پیدائش پر عام تعطیل کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاراجہ متحد کرنے والی قوت تھے جنہوں نے ڈوگرہ دور حکومت میں سب سے بڑی ریاست کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنی ساری زندگی وقف کر دی۔دیویندر رانا نے کہا کہ تاریخ کانگریس کو عوام کو تقسیم کرنے، خطوں کے درمیان تفریق کرنے اور بدتر قسم کی خوشامد میں ملوث ہونے کے لئے اس کے رجعت پسند کردار کے لئے کبھی معاف نہیں کرے گی جس نے جموں و کشمیر کو بدحالی کی صورت حال تک پہنچا دیا لیکن بی جے پی کے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس کے اپنے پسندیدہ ایجنڈے کے مطابق اصلاح کے لئے حالات پیدا کئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے مخالف بھی اب کھلے عام تسلیم کر رہے ہیںکہ مجموعی منظر نامے میں واضح تبدیلی آئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں ووٹرز کی بھرپور شرکت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے تبدیلی کے ایک شاندار سفر سے گزرا ہے، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکمرانی، سیکورٹی اور ترقی میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ امن و استحکام کی بحالی سے لے کر پسماندہ طبقات اور خواتین کو بااختیار بنانے تک، خطے میں نمایاں ترقی اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی نمایاں خصوصیت ہمہ گیر ترقی اور ترقی کے مواقع سب کے لئے ہے۔