کلکتہ // مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کے دور اقتدار میں پڑوسی ممالک کے ساتھ خراب تعلقات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے چین ، نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات بہت ہی زیادہ خراب ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ خراب تعلقات کا سب سے زیادہ خمیازہ مغربی بنگال کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال سینڈوچ بن گیا ہے اور ہم سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگال سے نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش کی سرحدیں متصل ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر سکم پر چین قبضہ کرلیتاہے تو دارجلنگ اور سلی گوڑی بھی متاثرہوئے بغیر نہیں بچ سکتا۔ممتا بنرجی نے کہاکہ سفارتی سطح پر ہم بالکل ناکام ہوچکے ہیں۔مرکزی حکومت نے بنگلہ دیش سے بھی تعلقات خراب کرلیے ہیں اور اب نیپال اور چین سے بھی معاملہ اچھا نہیں ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ یہ لوگ بارڈر ایجنسی کا استعمال کرتے ہیں۔جس کا نقصان سب سے زیادہ بنگال کو ہورہا ہے۔ہم حالات کے شکار ہیں۔بنگال بنگلہ دیش، بھوٹان اور نیپال کیلئے دروازہ ہے۔ممتا بنرجی کا یہ بیان سکم سیکٹر میں ڈوکلوم میں چین کے ساتھ جاری تنازع کے تناظر میں آیا ہے۔ممتا بنرجی نے بی جے پی پر ملک کو فروخت اور فرقہ واریت کو فروغ دینے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوں کہ ان کے پاس اکثری قوت ہے اس لیے وہ ایسا کررہے ہیں۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ ملک بھر میں نا انصافی ، انارگی، لا قانونیت ہے۔یہ لوگ عوام کی آواز سننے کوتیار نہیں ہیں۔کیوں کہ ان کے پاس حکومت کرنے کیلئے اکثریتی قوت ہے۔وہ کچھ بھی نہیں کررہے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت ہے۔ہمارے پاس بھی اکثریتی قوت ہے اس کے باوجود ہم کوئی بھی عوام مخالف فیصلہ نہیں کرتے ہیں۔ترنمول کانگریس ہمیشہ عوام دوست پالیسی کو ہی اختیار کیا ہے۔ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی خفیہ ایجنسیوں نے سرحد کو مکمل طور پر چھوڑ دیا ہے۔ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ آخر این آئی اے، را، این ایس اے کیا کررہی ہیں۔سرحد کے ذریعہ دہشت گرد تنظیمیں داخل ہورہی ہیں۔ جماعت المجاہدین کو بنگال میں آنے کیسے دیا جارہا ہے۔آئی بی اور دیگر ایجنسیاں کیا کررہی ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے مرکزی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ آخر بی جے پی کی حامی وشو ہندو پریشد کو شیخ حسینہ کا پتلا جلانے کی اجازت کیوں دی گئی اور وشو ہند پریشد آخر درُگا واہنی کیوں بنارہی ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میرے پاس ویڈیو ہے جس میں آسام اور جموں میں بچوں کو ٹریننگ دی جارہی ہیں۔آخر حکومت کارروائی کیوں نہیں کررہی ہیں۔کیا ملک میں ایک متوازی حکومت بھی چل رہی ہے۔کبھی گائے کے نام پر اور کبھی واہنی کے نام پر زیادتی ہوتی ہے۔مجھے یہ تکلیف ہورہی ہے مگر حقیقت یہی ہے کہ ہر ایجنسی اس کی حمایت کررہی ہے۔