یو این آئی
جموں//جموں و کشمیر میں ضلع سانبا کے پلی گاؤں میں یوم پنچایتی راج کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کے لیے خواتین نے خصوصی طور پر تیاری کی اور مہمانوں کے لیے ہر گھر سے 20-20 روٹیاں پہنچائی گئیں۔
مودی نے اتوار کے روز یوم پنچایتی راج کےموقع پر ضلع سانبا میں منعقدہ پروگرام کے علاوہ پنچایتوں کے نمائندوں کے ساتھ بھی کھل کر بات چیت کی۔
پنچایت ممبران نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اس پروگرام کے لئے علاقہ کی خواتین نے کافی تیاری کی اور مہمانوں کے استقبال کے لئے ہر گھر سے کم ازکم 20 روٹیاں پہنچائی گئیں۔
پالی گاؤں کی پنچایت کے نمائندوں نے گاؤں میں سولر پاور پلانٹ لگانے کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر مودی نے اس دوران کھیتی کے لئے سولر پمپ اور گھروں میں ایل ای ڈی بلب اور سولر کوکر کے استعمال پر بھی بات چیت کی ۔ وزیر اعظم نے قدرتی کھیتی کے فائدوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے گاؤں کےذریعہ یوم تاسیس منانے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سبھی لوگوں کو ایک جگہ جمع ہوکر ہر سال اس تقریب کو منانا چاہئے اور اس بارے میں فیصلہ لینا چاہئے کہ اگلے سال گاؤں کے لئے کون کون سا کام کیا جانا چاہئے۔
وزیر اعظم نے پنچایت کے نمائندوں سے کہا کہ ان کواپنے دور اقتدار کا استعمال ایسے کاموں کے لئے کرنا چاہئے جن کو کئی نسلوں تک یاد کیا جائے۔