ہلہبلی// کرناٹک اور گوا کے درمیان مہادائی دریا کے پانی کے تنازعہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا کہ جب تک اس مسئلہ کا مناسب حل نہیں نکالا جاتا کرناٹک میں کچھ بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ راہل گاندھی جنہوں نے کرناٹک کے بمبئی۔ کرناٹک علاقہ کے چھ اضلاع کا تین روزہ دورہ مکمل کیا' پیر کی شب جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ گوا اور مہاراشٹرا اور کرناٹک کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرے تاکہ قابل قبول حل نکالا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت صرف نصیحت کرتی ہے اور عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا جاتا۔ کسانوں کے قرضوں کی معافی کے مسئلہ پر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے ۔اس کے برعکس کرناٹک میں ان کی پارٹی نے کسانوں کو صفرفیصد سود پر قرض کی سہولت فراہم کی ہے اور امداد باہمی کے اداروں میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے ہیں۔ بی جے پی عوام کی کبھی مدد نہیں کرسکتی۔کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ مودی امیر ترین لوگوں کی حمایت کررہے ہیں۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے ہنوز لوک پال کا کیوں تقرر نہیں کیا گیا۔ گاندھی جو اپنی انتخابی ریالیوں میں مودی کو نشانہ بناتے آرہے ہیں نے پنجاب نیشنل بینک دھوکہ دہی معاملہ پر ان کی خاموشی پر بھی سوال اٹھائے ۔وزیراعظم پر کئی سوالات کی بوچھاڑکرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے کئے گئے انتخابی وعدوں کو کیوں فراموش کردیا گیا۔مودی حکومت کو گھپلوں کی حکومت قرار دیتے ہوئے انہوں نے بڑے صنعت کاروں کی جانب سے ملک میں کی گئی بینک دھوکہ دہی کی بیشتر مثالی پیش کیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت یا تو بڑے پیمانہ پر جاری دھوکہ دہی کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے یا پھر ایسے لوگوں سے ہاتھ ملالیا گیا ہے ۔ ایسے بڑے مسائل پر مودی کی خاموشی سے کئی شبہات سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے بارہویں صدی کے لارڈ بسیواشری کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم سے خواہش کی کہ وہ ملک کے سربراہ کے طور پر عوام کی مدد کریں۔انہو ں نے کہا کہ نیرومودی ہندوستانی غریبوں کے کروڑہاروپئے لے کر فرار ہوگئے ۔ ہندوستانی کسانوں'مزدوروں اور غریبوں کے 22000ہزار کروڑ روپئے نیرومودی نے لے لئے ہیں لیکن ہمارے چوکیدار نے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ہندوستان کے سب سے بڑے پی ایس یو بینک کے 11400کروڑ روپئے کے دھوکہ دہی کے واقعہ پر اپنے پہلے ریمارک میں جمعہ کو اس مالیت کی بے قاعدگیوں میں ملوث فراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔