سرینگر //حریت(ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوصرف یہاں کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔جامع مسجد سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں ۔ ہم ان سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ ہر ماہ ریڈیو اور ٹی کے ذریعے بھارت کے عوام سے ’’ من کی بات‘‘ پروگرام میںمخاطب ہوتے ہیں آج آپ کشمیری عوام کے من کی بات سنیں اور کشمیری عوام چاہے وہ جموں، لداخ، کرگل یا ریاست کے کسی بھی خطے میں رہتے ہوںان سب کے من کی بات ایک ہی ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرنا چاہتے ہیں اور ان وعدوں کا وفا چاہتے ہیں جو آپ کے پیشروئوں نے بھارت میں نہیں بلکہ کشمیر آکر سرینگر کے تاریخی لالچوک میں یہاں کے عوام سے کئے ہیں اور ہم بھارت کے وزیراعظم سے کہنا چاہتے ہیں کہ اسی لالچوک میں 19 مئی کو جمع ہوکر کشمیری عوام کو اپنے من کی بات کرنے کا موقعہ دیجئے۔ہم حکومت ہندوستان سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ کو مسئلہ کشمیر کی حقیقت تسلیم کرنی چاہئے اور تب تک آپ کی جانب سے اٹھایا گیا کوئی بھی عارضی اقدام نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان نے رمضان المبارک کے مہینے میں کشمیریوںکیخلاف گولی نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کیا اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ رمضان کے بعد پھر کشمیریوں کے قتل و غارت کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔یہ کون سا اعتماد سازی کا اقدام ہے، اگر آپ واقعی اعتماد سازی کے اقدامات کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو پہلے جموںوکشمیر سے فوجی انخلاء کے ساتھ ساتھ تمام کالے قوانین ،AFSPA, PSA وغیرہ کے خاتمے کا عمل شروع کریں۔ میرواعظ نے 21 مئی1990 کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری عوام کے ایک بے باک ترجمان اور بلند پایہ دینی و سیاسی رہنما اور جامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب کو خاموش کیا گیا اور جو قائد یہاں کے عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتا تھا کو شہید کیا گیا اور اسی دن حول میں60 سے زائد نہتے کشمیریوں کو بڑے بے دردی کے ساتھ شہید کرکے جلیانوالا باغ کی تاریخ دہرائی گئی اور اس سانحہ کی یاد میں حسب سابق21 مئی کو پورے جموںوکشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال رہیگی۔ میرواعظ نے کہا کہ21مئی کو مزار شہداء عیدگاہ سرینگر کے جلسہ عام میں تحریک آزادی اور شہداء کے مشن کے تئیں تجدید عہد کیا جائیگا۔