سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے بھارتی وزیر اعظم کے دورئہ کشمیر کو دنیا گمراہ کرنے کی پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران ایک طرف کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور دوسری طرف ترقیاتی پیکیج سے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ موصولہ بیان کے مطابق وادی کو بھارت سے اس لئے جوڑا جارہا ہے تاکہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو مزید مضبوط کیا جائے اور یہاں کے مظلوم عوام کو بندوق کی نوک پر رکھ کر ان کی نسل کشی جاری رکھی جائے۔ شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ بھارت بندوق اور طاقت سے کشمیریوں کو غلام رکھنے کے لئے جس قدر جارحانہ اقدامات کرے گا ، کشمیری اسی قدر بھارت سے دور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر کشمیر کی سڑکوں پر دنیا بھر کے ہیرے جواہرات اور سونا بچھا دے تب بھی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری کا متبادل ہر گز نہیں ہو سکتے۔