سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو حقیقت سے بعید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایسے بے بنیاد اور غیر اہم بیانات داغنا بھارت کی سیاسی قیادت کی غیر سنجیدگی کا عکاس اور واضح ثبوت ہے۔ مزاحمتی قیادت نے وزیر اعظم کو ریاست جموں کشمیر کی معاشی تاریخ کا مطالعہ کرنے کی صلح دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے لوگوں کو معاشی اعتبار سے بیر و ز گا ر ی ، غربت اور دیگر مشکلات کی وجہ صرف بھارت کی طرف سے ریاستی عوام کے گردنوں پر استحصالی حکمران ہیں۔مزاحمتی قیادت نے بھارت کے وزیر اعظم کو ریاست کے ستم زدہ اور مظلوم لوگوں کو معاشی ترقی کا درس دینے سے اجتناب کئے جانے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے معاشی ترقی کی لالچ دے کر زیادہ دیر تک ٹالا نہیں جاسکتا۔ مسئلہ کشمیر اچھی یا بْری حکومتیں قائم کرنے کا بھی مسئلہ نہیں ہے، جمہوری اصولوں کے تحت یہ کام لوگوں کے صوابدید پر چھوڑا جاتا ہے۔ مسئلہ کشمیر حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے، لہٰذا بھارت کے ارباب اقتدار کو جموں کشمیر کی چوتھی نسل کے سامنے کِسی اچھی حکومت یا نام نہاد معاشی ترقی کے نعرے پیش کرنے کی طفل تسلیوں سے پرہیز کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کئے جانے کے حوالے سے اپنی ضد اور انا کو چھوڑ دینا چاہیے۔
۔ 6جولائی کو دعائیہ مجالس کی اپیل
۔8جولائی کو ہڑتال اور ترال میں اجتماع ہوگا
سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے 2016ء کی عوامی تحریک کے دوران جاں بحق ہوئے برہان مظفر وانی سمیت 126شہریوں کی ہلاکت کے علاوہ مزاحمتی تحریک کے دوران آج تک کے جملہ شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے 6جولائی بروز جمعہ تمام ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ اس روز اپنے جملہ شہداء کی یاد میں دْعائیہ مجالس کا انعقاد کیا جائے اور شہداکے ایصال وثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ پڑھی جائے۔مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 8جولائی اتوار کو ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز قصبہ ترال میں برہان مظفر وانی کے آبائی مزار شہداء پر جملہ شہدائے کشمیر کے حق میں خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا ۔