نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی تمام ریاستی سرکاروں پر زور دیا کہ وہ اُن کشمیری طلاب تک پہنچنے کی کوشش کریں جو اُنکی ریاستوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔وزیر اعظم کا مشورہ، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اس بیان کے رد عمل میں آیا جو انہوں نے وزرائے اعلیٰ میٹنگ کے دوران کشمیری طلاب کو چند ریاستوں میں درپیش مشکل صورتحال کا سامنا کرنے کے حوالے سے دیا۔وزیر اعظم نے محبوبہ مفتی کے بیان کی تائید بھی کی اور کشمیری طلاب تک پہنچنے کیلئے وزرائے اعلیٰ پر زور بھی دیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں میواڑ یونیورسٹی راجستھان اور میرٹھ یونیورسٹی اتر پردیش میں کشمیری طلباء کو نکلنے کیلئے کہا گیا ہے۔نیتی آیوگ میٹنگ کے دوران نریندر مودی نے محبوبہ مفتی کی طرف سے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ ریاستوں کو کشمیری طلباء میں دلچسپی لینی چاہیے، جو وہاں زیر تعلیم ہیں تاکہ وہ واپس آکر ایک اچھا تاثر دینے میں کلیدی رول ادا کر سکیں۔نریندر مودی نے کہا’’میں تمام ریاستی سرکاروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ کشمیری طلاب، جو مختلف ریاستوں میں زیر تعلیم ہیں، سے رابطہ رکھیں، ان تک پہنچنے کی کوشش کریں،اور ایسا وقتاً فوقتاً کیا جانا چاہیے‘‘۔ وزیر اعظم نے محبوبہ مفتی کی اس بات کی بھی تائید کی کہ ریاستوں کو ریاست جموں و کشمیر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کرنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا’’میری تجویز ہے کہ کشمیر میں مختلف ریاستوں کو مختلف تقریبات کا انعقاد کرنا چاہیے کیونکہ آپس میں رابطہ کرنے سے نہ صرف خیر سگالی کا پیغام جائے گا بلکہ ایک امن کا ماحول بھی پیدا کیا جاسکتا ہے‘‘۔ادھر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو اتوار کی شام وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور سوموار کو وزیر اعظم کیساتھ اہم ملاقاتیں کرنے کا پروگرام ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مرکزی داخلہ وزیر کے ساتھ میٹنگ میں ریاست کی امن و قانون کی صورتحال کے علاوہ بھاجپا کے چند لیڈران اور وزراء کی جانب سے متنازعہ بیانات دینے پر گفت و شنید کی جائیگی۔