عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج ترون چْگ نے کل کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی اور امن کے ایجنڈے کے پیش نظر جموں و کشمیر میںانڈیا الائنس کا پورا ایجنڈا ناکام ہو گیا ہے۔چُگ نے کہا کہ تینوں پارٹیاں، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس انڈیا الائنس کا حصہ بننے کا دعویٰ کرنے کے بعد جموں و کشمیر میں الگ ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں آنے والے انتخابات میں صرف بی جے پی ہی جموں و کشمیر کا جھنڈا اٹھائے گی جس کے ویژن اور پالیسیوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ایک نیا چہرہ دیا ہے۔چْگ نے کہا کہ ہندوستانی اتحاد ملک پر کھیلا جانے والا دھوکہ ہے جبکہ بی جے پی نے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میںترقی کا ایک نیا باب لکھا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کی شہ پردہشت گردی کی جگہ مودی کی رہنمائی والی سیاحت اور جموں و کشمیر کی ہمہ گیر ترقی نے لے لی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی عبداللہ، مفتی اور کانگریسی ایک دوسرے کے گلے پڑیں گے۔انہوںنے مزید کہاکہ آنے والے دنوں میں ان کی شکست دیوار پر لکھی ہوئی ہے۔