نئی دہلی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹی بی سے پاک ہندوستان مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج کہا کہ کچھ لوگوں کو حکومت کا 2025 تک اس بیماری کو ختم کرنے کا ہدف مشکل ضرور لگ رہا ہوگا لیکن یہ ناممکن نہیں ہے ۔ مسٹر مودی نے یہاں وگیان بھون میں ' ڈلہی اینڈ ٹی بی سمٹ' کے دوران ٹی بی سے پاک ہندوستان مہم کی شروعات کی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 2025 تک ٹی بی کو ختم کرنے کا ہدف رکھا ہے ۔ بہتر حکمت عملی اور پالیسیوں کو زمینی سطح پر اگر نافذ کیا جائے گا تو ہم یہ ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو یہ مشکل ضرور لگ رہا ہوگا لیکن ایسا کرنا ناممکن نہیں ہے ۔اقوام متحدہ نے صحت مند زندگی اور سبھی عمر کے لوگوں کی پائیدار صحت کے لئے ٹی بی سے پاک ہونا بھی شامل ہے اور یہ ہدف 2030 تک حاصل کرنا ہے لیکن ہندوستان نے اپنے لئے یہ ہدف 2025 تک ہی طے کیا ہے ۔ ستمبر میں اقوام متحدہ کی عمومی اجلاس سے پہلے کی تیاری کے طور پر مختلف ملکوں میں 'انڈ ٹی بی سمٹ' کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ٹی بی جس طرح سے سماج کی صحت اور ملک کی معیشت پراثرانداز ہوتی ہے اس کے لئے متعینہ مدت میں اس پر قابو پانا ضروری ہوگیا ہے ۔ ٹی بی کا شکار زیادہ تر غریب طبقہ کے لوگ ہوتے ہیں اس لئے اس سمت میں اٹھایا جانے والا ہر قدم راست طور پر غریبوں سے جڑا ہے ۔انہوں نے اس کے لئے ہر سطح پر متحد پوکر کوشش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کو ہندوستان سے ختم کرنے میں ریاستی حکومتوں کا کردار بہت زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام ریاستوں کے وزراءاعلی کو خط لکھ کر اس مہم میں جڑنے کی اپیل کرونگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو ٹی بی سے پاک کرنے کے لئے پہلے گاو¿ں ، ضلع اور ریاست کو ٹی بی سے پاک کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ہی ملک کو ٹی بی سے پاک کرنے کا ہدف حاصل ہوسکتا ہے ۔ کبھی جان لیوا سمجھی جانے والی اس بیماری سے لڑنے کے لئے مسٹر مودی نے سائنس و ٹکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کی جانچ کے لئے ہندوستان نے ایک ڈیجیٹل مشین بنائی ہے جسے آسانی سے کہیں بھی لے جایا جا سکتا ہے ۔