پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بن کر کام کریں گے: راہل گاندھی
یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ آج سب سے بڑا مسئلہ ملک کی اقتصادی پالیسی، دفاعی پالیسی اور خارجہ پالیسی کا ہے جسے مودی حکومت نے برباد کر دیا ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گاندھی نے حکومت پر سخت حملہ کیا اور کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی اقتصادی پالیسیاں پوری طرح ناکام ہو چکی ہیں اور ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ ہندوستانی معیشت مردہ ہو چکی ہے۔ مودی نے اسے ختم کردیا ہے۔ اس دور حکومت میں اڈانی-مودی پارٹنرشپ، نوٹ بندی اورناقص جی ایس ٹی، ناکام اسمبل ان انڈیا، ایم ایس ایم ای کا صفایا، کسان کچلے گئے ہیں۔ مودی جی نے ہندوستان کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا کیونکہ نوکریاں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ملک کی اقتصادی پالیسی، دفاعی پالیسی اور خارجہ پالیسی ہے جسے مودی حکومت نے برباد کر دیا ہے۔ مودی اس ملک کو برباد کر رہے ہیں۔ وہ صرف ایک ہی شخص اڈانی کے لیے کام کرتے ہیں۔ ان لوگوں نے تمام چھوٹے کاروبار تباہ کر دیے ہیں۔ ہندوستانی معیشت آج مردہ معیشت بن چکی ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک مردہ معیشت ہے، کیا آپ لوگوں کو اس کا علم نہیں ہے؟ پوری دنیا جانتی ہے کہ ہندوستان کی معیشت مردہ معیشت ہے اور بی جے پی نے ملک کی معیشت کو ختم کیا ہے۔ کیوں ختم کیا ہے – اڈانی کی مدد کرنے کے لیے ختم کیا ہے۔ تقریر کرتے ہوئے وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ ہماری خارجہ پالیسی بہت شاندارہے۔ایک طرف امریکہ، ہندوستان کو برابھلا کہہ رہا ہے تو دوسری جانب چین ہمارے پیچھے پڑاہے۔ جب آپ اپنا ڈیلیگیشن دنیا بھر میں بھیجتے ہیں، تو کوئی بھی ملک پاکستان کی مذمت نہیں کرتا۔کانگریس لیڈر نے مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو کیسے چلا رہے ہیں۔ انہیں ملک چلانا نہیں آتا، پوری طرح سے الجھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اپنی تقریر میں ٹرمپ اور چین کا نام نہیں لیتے۔ جس پاکستانی آرمی چیف نے پہلگام میں حملہ کروایا وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ لنچ کر رہے ہیں اور ہماری حکومت کہہ رہی ہے کہ ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے۔انہوں نے کہا، ’’حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ٹرمپ 30-32 بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائی ختم کرائی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پانچ طیارے گر ے ہیں اور اب وہ 25 فیصد ٹیرف لگانے کی بات کر رہے ہیں۔ بڑا سوال یہ ہے کہ مودی ان سوالوں کا جواب کیوں نہیں دے پا رہے ہیں۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کنٹرول کس کے پاس ہے”۔لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ’ انڈیا اتحاد‘ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ اٹھائے گا اور ان کی آواز بن کر کام کرے گا۔ گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پیغام میں کہا کہ آج پارلیمنٹ میں کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملک ارجن کھرگے جی کے ساتھ انڈیا اتحاد کے پارلیمانی رہنماؤں کی میٹنگ میں شامل ہوا۔انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے رہنما مسلسل عوامی مفادات سے جڑے مسائل اٹھا رہے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔موصوف نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر پارلیمنٹ میں ملک اور عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔