حیدرآباد//آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ندوی نے کہا کہ طلاق ثلاثہ بل کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کو ابھی تک ملاقات کا کوئی وقت نہیں دیا۔یہ اطلاع مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ندوی ترجمان آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے یہاں ایک پریس ملاقات میں دی اور کہا کہ متعلقہ بل کے نقائص سے مسٹر مودی کو واقف کروانے کے لئے ان سے بذریعہ مکتوب ملاقات کا وقت مانگا گیا لیکن آج تک اس خط کا جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ طلاق ثلاثہ بل سے متعلق مسلم پرسنل لاء بورڈ نے لکھنو میں اپنی ایمرجنسی میٹنگ بلائی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم سے نمائندگی کی جائے گی لیکن افسوس ناک بات ہے کہ وزیر اعظم نے بورڈ کے ارکان کو ملاقات کا وقت نہیں دیا۔