نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے خلیج بنگال میں گردابی طوفان ‘فانی’ کے پیش نظر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں طوفان سے نمٹنے کی تیاریوں کاآج جائزہ لیا اور مرکزی افسران کو متاثرہ ریاستوں کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے کا حکم دیا۔مسٹر مودی کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں کابینہ سکریٹری ، وزیراعظم کے پرنسپل مشیر، وزیراعظم کے اڈیشنل پرنسپل سکریٹری، داخلہ سکریٹری کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور وزیراعظم دفتر کے سینئر اہلکاروں نے اس میں حصہ لیا۔افسران نے وزیراعظم کو گردابی طوفان کے ممکنہ راستوں اور اس سے نمٹنے کے لئے کئے جارہے طریقوں کی بھی جانکاری دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ راحت اور بچاؤ مہم کے لئے تینوں فوجوں کے ساتھ قومی ڈیزاسٹر منیجمنٹ فورس کی ٹیمیں پوری طرح مستعد ہیں۔صورت حال کے جائزہ کے بعد وزیراعظم نے مرکزی حکومت کے افسران کو طوفان سے متاثر ہونے والی ریاستوں کے افسران کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سبھی افسران سے یہ بھی کہا ہے کہ طوفان سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لئے سبھی احتیاطی تدابیر کریں۔ ساتھ ہی راحت اور بچاؤ مہم کے لئے سبھی ممکنہ اقدامات کرنے کو بھی کہا گیا ہے ۔گردابی طوفان ‘فانی’ نے خطرناک شکل اختیار کرلی ہے اور اس کے جمعہ کو اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے امکانات ہیں۔ اس دوان 175 سے 180کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔یو این آئی