عظمیٰ نیوز سروس
دھار(ایم پی)// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت ہے جس میں ملک میں دراندازی کرنے والوں کو روکنے کی ہمت ہے اور ایسا کرنا کانگریس اور اپوزیشن بلاک انڈیا کے لیڈروں کے لیے ممکن نہیں ہے۔ امت شاہ نے کہا ’’مودی نے ملک میں دراندازوں کو روکنے کا کام کیا ہے، دھار ضلع کے مناور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ دراندازوں کو روکا جائے یا نہیں‘‘۔
امت شاہ نے کہا کہ یہ مودی کی حکومت تھی جس نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا حالانکہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے دعوی کیا تھا کہ اس سے خون کی ہولی ہو گی لیکن کچھ نہیں ہوا۔وزیر داخلہ نے کانگریس کو ملک کی ثقافت کو تباہ کرنے کے لئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ مودی حکومت تھی جس نے اسے پالا اور روکا۔ شاہ نے ملک کی داخلی سلامتی، بیرونی سلامتی اور دیگر مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ مرکز میں برسراقتدار نریندر مودی حکومت نے اپنے9 برسوں کے دوران ان تمام محاذوں پر مضبوط قدم اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا’’ بی جے پی نے جو بھی کہا، وہ کر دکھایا ہے۔ چاہے وہ آرٹیکل 370 کا مسئلہ ہو یا اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ‘‘۔ شاہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قبائلیوں کی حقیقی خیر خواہ ہے اور اس نے قبائلیوں کے مفاد میں کئی اہم کام کئے ہیں۔ شاہ نے مدھیہ پردیش کے مغربی حصے میں واقع دھار ضلع کے مناور میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس نے قبائلیوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا اور ان کے مفاد میں کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے پچھلے نو برسوں کے دوران قبائلیوں کے مفاد میں بہت کچھ کیا ہے۔ یہاں تک کہ بی جے پی نے اس طبقے سے آنے والی خاتون کے صدر جمہوریہ بننے کی راہ ہموار کی۔