عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ادھم پور کا چہرہ ہی بدل دیا ہے، جسے آج ہندوستان کے سرفہرست اضلاع میں شمار کیا جاتا ہے۔بی جے پی کی ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ جہاں تک سنٹرل پی ایم جی ایس وائی کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر کا تعلق ہے، پچھلے 3یا 4سالوں سے ادھم پور کو ملک کے سرفہرست تین اضلاع میں شمار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک بڑی تبدیلی ہے اور اس خطے کی ایک معجزاتی تبدیلی ہے جو کسی وقت اور سڑک کے ناقص رابطوں کے لیے بدنام تھا جس نے لوگوں کو پہاڑیوں کے ساتھ لمبے لمبے ٹریک پر “پگڈنڈیوں” اور کیچڑ والے راستوں سے گزرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ادھم پور کے “ڈھوکوں‘‘کا حوالہ دیتے ہوئے کئی لوک گیت لکھے گئے۔انکاکہناتھاکہ تقریباً چھ دہائیوں تک اس شہر سمیت پورے ادھم پور خطہ کے ساتھ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی حکومتوں نے امتیازی سلوک کیا کیونکہ یہ بھارتیہ جن سنگھ اور بی جے پی کا گڑھ تھا جو ان کے ووٹ بینک کا حصہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد ہی یہ معجزاتی تبدیلی واقع ہوئی تھی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ یہ شاید ملک کے واحد لوک سبھا حلقوں میں سے ایک ہے جس کو تین مرکزی فنڈڈ میڈیکل کالج ملے ہیں، جن میں سے ایک ادھم پور شہر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ڈگری کالجوں اور تعلیمی اداروں کا ایک سلسلہ ہے۔بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مودی نے اس خطے کو بہت زیادہ ترجیح دی ہے اور اگر ہمارے پاس اسمبلی میں بی جے پی کے نمائندے ہیں تو وہ ہماری پریشانیوں اور مطالبات کو آواز دے سکتے ہیں۔ مرکزی حکومت کے فوائد کو آخری قطار میں آخری آدمی تک پہنچانا بہت آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادھم پور کے لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ترقی کے سفر کا حصہ بننے کے لیے اپنا ذہن بنا لیا ہے اور تمام اسمبلی سیٹیں واپس کر کے وہ علاقے کی تیز رفتار اور ڈبل انجن کی ترقی کے منتظر ہیں۔