جموں//کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے جموں کی دونوںنشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت نیشنل کانفرنس کے لیڈران کے بیانات کی ذمہ دار نہیں ہے ۔ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے میر نے کہاکہ 2014 میں پیدا کی گئی مودی لہر ختم ہوچکی ہے اور کچھ ٹی وی چینل کو چھوڑ کر وزیر اعظم مودی زمینی سطح پر کہیں بھی زندہ نہیں۔ ان کاکہناتھا’’ 2014 میں جو لہر پیدا کی گئی وہ ختم ہوچکی ہے، بڑے بڑے پہاڑاکھاڑنے کی بات کی گئی تھی، اگر آج مودی کہیں زندہ ہیں تو وہ کچھ ٹی وی چینلوں پر مگر زمینی سطح پر مودی کا صفایا ہوچکا ہے‘‘۔ میرنے کہا کہ کانگریس خطہ جموں کی دونوں پارلیمانی نشستوں پر جیت درج کرے گی۔ ان کا کہنا تھا’’جموں کی دو نشستوں پر کانگریس کے امیدواروں کو نیشنل کانفرنس کی بھرپور حمایت حاصل ہوگئی ہے، مجھے صد فیصد یقین ہے کہ دونوں نشستیں کانگریس کی جھولی میں جائیں گی‘‘۔ نیشنل کانفرنس لیڈر اکبر لون کی طرف سے پاکستان کے حق میں نعرے بازی سے متعلق سوال کے جواب میں میر نے کہاکہ وہ این سی لیڈران کے بیانات کے ذمہ دار نہیں ہیں ۔ میر کاکہناتھاکہ دونوں پارٹیوں کاچھ میں سے تین نشستوں پر اتحاد ہے اور دیگرتینوں سیٹوں بشمول بارہمولہ پر کانگریس نیشنل کانفرنس کے لیڈران کے بیانات کی ذمہ دار نہیں ۔انہوںنے بھاجپا پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ اکبر لون نے کیا کہا تاہم حقیقت میں انہوںنے تب اسمبلی میں یہ نعرے دیئے جب بی جے پی ۔پی ڈی پی کی حکومت تھی ،تب اگر بھاجپا چاہتی تو ان کا اسپیکر اس کا نوٹس لے سکتاتھالیکن پارٹی نے اقتدار کیلئے خاموشی اختیار کرلی ۔نیشنل کانفرنس سے اسمبلی میں اتحاد پر انہوں نے کہاکہ پہلے ریاست میں لوک سبھا کی تمام نشستیں دہلی بھیجیں گے اوراگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسمبلی کی بات ہوگی ،فی الحال اتحاد لوک سبھا تک ہی ہے۔