یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی تین ممالک کے دورے کے بعد جمعرات کی سہ پہر وطن واپس لوٹ آئے۔ نریندر مودی اپنے پانچ روزہ دورے کے آخری مرحلے میں کروشیا سے دہلی پہنچے۔وزیراعظم اتوار کے روز اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں قبرص روانہ ہوئے تھے۔ قبرص میں انہوں نے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈس کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ قبرص کے صدر جمہوریہ نے مودی کو قبرص کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘گرینڈ کراس آف دی آرڈر آف میکاریوس’ سے نوازا۔ قبرص میں دو روزہ قیام کے بعد وہ منگل کے روز کناڈا پہنچے جہاں انہوں نے جی-7 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ مودی بدھ کے روز اپنے دورے کے آخری مرحلے میں کروشیا پہنچے۔ وہاں انہوں نے وزیر اعظم آندریج پلینکووچ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا کروشیا کا پہلا دورہ تھا۔ادھروزیر اعظم نریندر مودی آج یعنی جمعہ کے روز بہار، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے دو روزہ دورے پر جائیں گے جہاں وہ کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے اور ساتھ ہی عالمی یوم یوگا پر بڑے پیمانے پر یوگا پروگرام میں حصہ لیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے جمعرات کو کہا کہ مودی جمعہ کو بہار کے سیوان کا دورہ کریں گے اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔اس کے بعد وہ اڈیشہ میں بھونیشور کا دورہ کریں گے اور شام کو اڈیشہ حکومت کے اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ریاستی سطح کی تقریب کی صدارت کریں گے۔ وہ 18,600 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت والے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔عالمی یوم یوگا یعنی 21 جون کو وزیر اعظم صبح وشاکھاپٹنم، آندھرا پردیش میں 11 ویں بین الاقوامی یوگا ڈے پر یوگا نمائش میں حصہ لیں گے۔ وہاں بھی وہ عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔