یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے 10 سالہ دور کو ’ انیائے کال ‘ یعنی ناانصافی کا دور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرتی ہے اور انہیں وقت پر پیسے نہیں دیتی ہے۔یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس میں کھڑگے نے مودی حکومت کے 10 سالہ دور کو ’ انیائے کال‘ قرار دیتے ہوئے ایک پوسٹر بھی جاری کیا اور کہا کہ مودی حکومت کواپنی کامیابیوں پر تعریف کرنے اور ناکامیابی کو چھپانے میں مہارت حاصل ہے۔’بلیک پیپر ‘میں الزام لگایا گیا کہ گزشتہ 10 سال مہنگائی، بے روزگاری، اداروں میں توڑ پھوڑ اور ریاستوں سے امتیازی سلوک جیسے مسائل کے ساتھ ناانصافی کا دور تھا۔انہوں نے کہا، ’’آج ہم حکومت کے خلاف ’بلیک پیپر‘ نکال رہے ہیں۔ وزیراعظم جب بھی پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرتے ہیں تو اپنی ناکامیوں کو چھپاتے ہیں۔ جب کہ ہم حکومت کی ناکامیوں کی بات کرتے ہیں تو اسے اہمیت نہیں دی جاتی۔ اس لیے ہم ایک بلیک پیپر نکال کر حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں عوام کو بتانا چاہتے ہیں۔کھڑگے نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے لیکن مودی حکومت اس پر کبھی بات نہیں کرتی ہے۔ وہ ہمیشہ 10 سال کا موازنہ کرتے ہیں لیکن پنڈت جواہر لال نہرو جی کی کامیابیوں کے بارے میں کبھی نہیں بتاتے۔