لندن//کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ گزشتہ سات عشروں کے دوران اقتدار کی غیر مرکزیت کی وجہ سے ہندوستان میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور وہ ایک طاقتور ملک بن کر ابھرا لیکن مودی حکومت کے چار برسوں کے دوران اقتدار کی مرکزیت کی وجہ سے ملک کمزور ہوگیا ہے ۔ گاندھی نے لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں جمعہ کو منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے اقتدار کی غیر مرکزیت کی وجہ سے کامیابی حاصل کی ہے لیکن گزشتہ چار برسوں میں صورت حال بدل گئی ہے اور اس دوران بڑے پیمانے پر اقتدار کی مرکزیت ہوئی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کمزور ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سوا ارب سے زیادہ آبادی میں تفریق نہیں کی جانی چاہئے اور اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو ہندوستان کی طاقت کم ہوجائے گی۔کانگریس صدر نے کہا کہ ''آج میں ہندوستان کو اپنی طاقت بڑھاتے نہیں دیکھ پارہا ہوں۔ موجودہ حکومت کے بارے میں میری اہم شکایتوں میں سے ایک یہ ہے کہ مجھے ہندوستان کی طاقت کے مطابق کوئی مضبوط حکمت عملی نہیں دکھ رہی ہے ۔ مجھے صرف فوری ردعمل ہی دکھ رہا ہے ۔ راہل گاندھی نے نوٹ بندی کے سلسلے میں مودی حکومت پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ ''نوٹ بندی کا خیال وزیر خزانہ اور ریزرو بینک کو نظرانداز کرکے ، براہ راست راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے آیا اور وزیراعظم کے دماغ میں بیٹھادیا گیا۔گاندھی نے چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین آگے بڑھ رہا ہے اورجس کے نتائج دنیا کے سامنے ہیں۔ اس صورت حال میں ہندوستان دنیا میں توازن کا رول ادا کرسکتا ہے اور دنیا کو محفوظ جگہ بنانے میں اہم رول ادا کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرچہ چین کے ساتھ ہندوستان کی روایتی تاریخ رہی ہے لیکن جہاں تک جمہوری ڈھانچہ کی بات ہے ہندوستانی یوروپی ممالک سے زیادہ قریب ہے ۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتاپارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس )پر نفرت پھیلانے اور نفرت کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ وہ ملک کو بانٹنے کا کام کررہے ہیں ۔مسٹر گاندھی نے جرمنی کی راجدھانی برلن میں جمعرات دیرشب کانگریس کے غیر مقیم ہندستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انکی پارٹی سبھی کے لئے یکساں طورپر کام کرنے پر یقین رکھتی ہے جبکہ مودی حکومت الگ طرح سے کام کرہی ہے ۔انھوں نے کہا،''آج ہمارا مقابلہ چین کے ساتھ ہے لیکن بی جے پی اور آرایس ایس ہمیں بانٹ رہے ہیں اور نفرت پھیلارہے ہیں ۔''انھوں نے کہاکہ کانگریس ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے مسلسل کام کرتی رہے گی ۔کانگریس صدر نے کہاکہ ،''کثرت میں وحدت ہندستان کی طاقت ہے اور سماج کی آخری قطار میں کھڑے فرد کوبااختیار بنا نا ہمارا کام ہے ۔یہ سبھی مذاہب کا اصول ہے اور کانگریس اسی مقصدسے سبھی کے مفاد کے لئے کام رہی ہے ۔'' مسٹر گاندھی نے بے روزگاری کے تعلق سے مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہاکہ چین کی حکومت روزانہ 50ہزار نوجوانوں کو روزگار دے رہی ہے جبکہ ہندستان کی حکومت روزآنہ محض چار سو نوجوانوں کو روزگار فراہم کرہی ہے ۔انھوں نے کہاکہ ایک طرف نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بحران ہے اور دوسری طرف مودی حکومت نفرت پھیلانے کا کام کرہی ہے ۔