کولکاتہ // مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کی مودی کیئر اسکیم سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بنگال حکومت صحت سے متعلق اسکیم کے ذریعہ پہلے ہی پچاس لاکھ افراد کو ہیلتھ انشورنس دے رہی ہے۔ ممتا بنرجی کے اس اعلان کے بعد مغربی بنگال مرکزی حکومت کی اس اسکیم سے ہاتھ کھینچنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔انگریزی اخبار ٹائمس ا?ف انڈیا کے مطابق وزیر اعلی ممتا بنرجی نے منگل کو کرشنا نگر میں منعقدہ ایک عوامی ریلی کے دوران یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز ایک ہیلتھ پلان لانے جارہا ہے ، جس میں ریاستوں کو 40 فیصد فنڈ دینا ہوگا ، لیکن اگر ریاست میں پہلے سے ہی ایسا کوئی ہیلتھ پروگرام چل رہا ہے ، تو ہم اپنے وسائل اور پیسوں کوایسی ہی ایک اور اسکیم پر کیوں برباد کریں۔ اگر ریاستوں کے پاس وسائل ہوں گے تو وہ اپنی ہی اسکیم شروع کریں گی۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے یکم فروری کو اپنی بجٹ تقریر میں نیشنل ہیلتھ پروٹیکش اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ ان کا دعوی تھا کہ دنیا کی اس سب سے بڑی ہیلتھ اسکیم کے تحت اتنی بڑی آبادی کو ہیلتھ انشورنس دیا جائے گا ،جتنا امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی اور فرانس مل کر دیتے ہیں۔