عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بھاجپا کی جانب سے اسمبلی حلقہ مڑھ کے لوہری چک گاؤں میں کسان سمیلن کا انعقاد کیا گیا جس سے بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل سی ایڈوکیٹ وبود گپتا نے ضلع صدر اومی کھجوریا، ڈی ڈی سی چیئرمین بھارت بھوشن، ضلع جموں بارڈر انچارج کی موجودگی میں خطاب کیا ۔وبود نے سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لگاتار تیسری مدت کے لئے کرسی سنبھالی ہے اور یہ اس لئے ممکن ہوا ہے کہ سماج کے تمام طبقات نے نریندر مودی کی گڈ گورننس اور وکشت بھارت کے وژن کو تسلیم کرتے ہوئے بی جے پی کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیا۔ موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس’‘کے عزم سے کسانوں کی زندگیوں میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’دوسرے طبقوں کی طرح، نریندر مودی حکومت کی اسکیمیں کسانوں (کسان) تک پہنچی ہیں، جس سے ان کی زندگی بدل گئی ہے۔ حکومت نے فصلوں کی بوائی، پرورش، اور اگانے میں محنت اور مسلسل کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔وبود نے کہا کہ چاہے یہ ایم ایس پی ہو یا کسان سمان ندھی کے تحت سالانہ 6,000 روپے کی مالی امداد، ملک بھر کے کسانوں کو فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کو بااختیار بنانے کے مشن موڈ پر ہے۔ اومی کھجوریا نے سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’جموں و کشمیر کے کسان آج خوش ہیں کیونکہ مودی حکومت نے ان کے مسائل کو کم کرنے کے لئے سخت محنت کی ہے اور ان میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے خود کو کسانوں کی مدد اور ان کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے وقف کر دیا ہے۔