نئی دہلی//جنتا دل یونائٹیڈ کے سابق صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کے ذریعہ ملک کے عوام سے 19لاکھ کروڑ روپے لوٹ لئے ہیں اور ان کی حکومت تیل کی لوٹ پر چل رہی ہے ۔ یادو نے یو این آئی اردو سروس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے اس وقت سے خام تیل کی قیمتوں میں آئی کمی کا فائدہ عوام کو دینے کے بجائے اپنی جھولی میں بھرنے میں لگی ہوئی ہے اور اس نے مختلف ٹیکسوں کے ذریعہ سے 19لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اور ریاستی حکومتوں کو خاموش رکھنے کے لئے اس کا کچھ حصہ انہیں بھی دیا ہے ۔انہوں نے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکسوں کے ذریعہ مرکزی حکومت 11.48 لاکھ کروڑ روپے اور ریاستو ں نے 8.13 لاکھ روپے کمائے ۔گذشتہ چار برسوں کے دوران مودی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی اونچی قیمتوں نے ملک بھر میں زبردست تباہی مچا رکھی ہے ۔ ملک کے لوگ اور بالخصوص مڈل کلاس اور کسان اس سے انتہائی پریشان ہیں۔ دوسری طرف مسٹر مودی اور ان کی پارٹی ' بی جے پی ' کے لیڈران لوگوں کی پریشانیوں کودور کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے غیر ضروری ایشو اٹھاکر سماج کو تقسیم کرنے اور مذہبی بنیاد پر صف بندی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کے کام کاج کے سلسلے میں ملک کے عوام میں کافی غصہ ہے اور اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں اس کا اقتدار سے باہر ہونا یقینی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت لوگوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ لیکن دلتوں نے بھارت بند کے ذریعہ سڑک پر آکر اپنا غصہ ظاہر کردیا ہے ۔ دوسری طرف ملک کے مختلف حصوں میں کسان تحریک چلارہے ہیں اور مزدور بھی اس حکومت کے کام کاج سے خوش نہیں ہیں۔ یادو نے کہا کہ مودی ایک طرف توسب کا ساتھ سب کا وکاس کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف ان کی پارٹی اور اس سے وابستہ تنظیمیں گائے ' جناح' ٹیپو سلطان' تاج محل' لو جہاد اور نماز جیسے غیر ضروری ایشو اٹھاکر سماج کو تقسیم کرنے اور مذہبی بنیاد پر صف بندی کرنے کا کام کرتے ہیں۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی مہم میں غیر ضروری مسائل کو اٹھاکر ووٹروں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی پوری کوشش کی۔