عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے سابق ریاستی صدرست شرما نے کہا ہے کہ ترقی کے حامی اور قوم پرستانہ نقطہ نظر کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کی تمام پالیسیاں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں، خاص طور پر ضرورت مند لوگوں کی، جو پہلے کی حکومتوں کے ذریعے مظلوم اور نظر انداز کیے گئے تھے۔ست شرما نے کہا کہ جہاں پچھلی حکومتوں کی کوتاہیوں نے ترقی اور ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے، مودی حکومت نے ان 9.5 سال میں ان میں سے اکثریت کو درست کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ان خطوں میں شامل ہے جنہوں نے ان تمام سالوں کے دوران مودی حکومت سے سب سے زیادہ فوائد حاصل کیے ہیں۔ست شرما نے اپنے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کہا”جموں و کشمیر میں، مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کی تاریخی غلطی کو درست کیا ہے، جو یہاں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی۔ وہ آرٹیکل مہاجرین/گجر/بکروال، پہاڑی/ایس سی/گورکھا/خواتین وغیرہ جیسی برادریوں کا دشمن تھا۔ نوجوانوں کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل رہا تھا، اور خطے کی جدید ترقی کے لیے نقصان دہ تھا۔ متنازعہ 370 کو ہٹانے سے لوگوں کو بااختیار بنانے، غیر منصفانہ قوانین کے خاتمے، امتیازی برادریوں کو انصاف فراہم کرنے، جامع بے مثال ترقی اور نئی نئی پیشرفت ہوئی ہے‘‘۔ست شرما عوام کی شکایات سن رہے تھے، جنہوں نے بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں کا دورہ کیا تھا۔