اندور//سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت کو تمام محاذوں پر ناکام قرار د یتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عوام سے کئے گئے کسی بھی وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج یہاں پریس کانفرنس میں مرکز کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت پر جم کر برسے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں مسٹر نریندر مودی نے ملک کے عوام سے متعدد وعدے کئے تھے ۔ ان میں ہر سال دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔ لیکن تقریبا ساڑھے چار سال گزر جانے کے باوجود روزگار کے محاذ پر کوئی ٹھوس کام نہیں کیا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت میں روزگار کا وعدہ بھی جملہ بن کر رہ گیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مودی حکومت کی ساڑھے چار سال کی مدت کے دوران ملک مصیبت میں رہا ہے ۔ ملک کے عوام مہنگائی سے پریشان رہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کے دام مسلسل بڑھتے رہے ۔ انہوں نے نوٹ بندي کو حکومت کی بڑی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندي اور جی ایس ٹی کے سبب کسان، تاجر، متوسط اور چھوٹی صنعتیں سب سے زیادہ پریشانی میں ہیں۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مودی حکومت پر قومی اداروں کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کا معاملہ ابھی سپریم کورٹ میں زیر غورہے ۔