نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی افریقی جزیرہ نما کے تین تین ممالک روانڈہ، یوگانڈہ اور جنوبی افریقہ کے پانچ روزہ دورہ پر آج روانڈہ کی راجدھانی کگالی کے لئے روانہ ہوگئے ۔ دورہ کے دوران وہ جنوبی افریقہ میں ہونے والی برکس چوٹی کانفرنس کے ساتھ ساتھ برکس ۔جنوبی افریقی ممالک کی فیڈریشن اور برکس ۔عالمی جنوبی میٹنگوں میں شرکت کریں گے ۔مسٹر مودی روانڈہ جانے والے ہندستان کے پہلے وزیراعظم ہیں۔ اس دورہ کو ہندستان اور افریقی جزیرہ نما کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اہم سمجھا جارہا ہے ۔ مسٹر مودی کے ساتھ ایک بڑاتجارتی وفدبھی جارہا ہے ۔مسٹر مودی کی برکس چوٹی کانفرنس کی میٹنگ سے علیحدہ جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا ، چین کے صدر شی جنپنگ اور رو س کے صدر ولادیمیر پوتن سمیت مختلف لیڈروں سے دو طرفہ میٹنگ ہوگی۔وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق وزیراعظم اس سے پہلے افریقہ کے چھ ممالک کے دورے کرچکے ہیں جبکہ صدر، نائب صدر اور وزیراعظمسطح کی23ممالک کے دورے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس دورہ میں افریقی ممالک کے ساتھ سیکورٹی اور دفاعی تعلقات بھی مضبوط بنائے جائیں گے ۔حکام کے مطابق مسٹر مودی کے روانڈہ پہنچنے پر کگالی ہوائی اڈہ پر روانڈہ کے صدر پال کگامے خودان کا استقبال کریں گے ۔ ہوائی ادہ پر ہی مسٹر مودی کا رسمی استقبال کیا جائے گا۔ اس کے فوراََ بعد دونوں لیڈروں کے مابین دو طرفہ میٹنگ ہوگی۔اس دوران دونوں ممالک کے مابین زراعت اور ڈیری شعبہ میں تعاون سمیت کئی معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔اس کے بعد مسٹر مودی مسٹر کگامے کی طرف سے ان کے اعزاز میں دے ئے گئے سرکاری ضیافت میں شامل ہوں گے ۔ رات میں وہ غیرمقیم ہندستانی برادری کی ایک استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے ۔حکام نے کہاکہ ہندستان اور روانڈہ کے مابین دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہونے کے بعد مسٹر مودی کے دورہ سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مسٹر مودی روانڈہ میں سماجی تحفظ سے متعلق منصوبہ کے آغاز کے موقع پر کل ایک پروگرام میں مسٹر کگامے کے ساتھ شرکت کریں گے جس میں ملک کے ساڑھے تین لاکھ لوگوں کو ایک ایک گائے دینے کا منصوبہ ہے ۔ جنہیں یہ گائے دی جائے گی وہ بچھڑا پیدا ہونے کے بعد بچھڑاکو پڑوسی کو دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندستانی حکومت 200گائے دیکر اس میں تعاون کرے گی۔حکام نے کہاکہ مسٹر مودی 24جولائی کو یوگانڈہ پہنچیں گے جہاں ان کی ملاقات صدر یوویری موسیوینی سے ہوگی۔ مسٹر مودی یوگانڈہ کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے جسے ہندستان اور دیگر افریقی ممالک میں راست نشر کیا جائے گا۔ مسٹر مودی یوگانڈہ میں رہنے والے تقریباََ 30ہزار غیرمقیم ہندستانیوں کے ایک گروپ سے بھی خطاب کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مسٹر مودی 25تاریخ کو جنوبی افریقہ پہنچیں گے ۔ جہاں وہ برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ وہ برکس جنوبی افریقی ممالک کی فیڈریشن اور برکس عالمی جنوبی ممالک کے گروپ کی میٹنگوں میں بھی شامل ہوں گے ۔مسٹر مودی 27جولائی کو ملک واپس آجائیں گے ۔