یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے برونائی دارالسلام اور سنگاپور کے دورے سے ہندوستان اور آسیان کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ مودی منگل کی صبح آسیان کے ان اہم شراکت دار ممالک کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوئے ہیں ۔مودی مقامی وقت کے مطابق شام 5بجے برونائی پہنچیں گے۔ ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں کے لئے ایک استقبالیہ پروگرام میں شرکت کے علاوہ وہ ہندوستانی ہائی کمیشن میں نئی چانسری بلڈنگ کا بھی افتتاح کریں گے۔ وہ رات کو عمر علی سیف الدین مسجد بھی جائیں گے۔اپنی روانگی سے قبل ایک بیان میں مسٹر مودی نے کہا، “آج، میں برونائی دارالسلام کا اپنا پہلا دو طرفہ دورہ کر رہا ہوں۔ جیساکہ ہم اپنے سفارتی تعلقات کے 40سال کا جشن منارہے ہیں، میں اپنے تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عزت مآب سلطان حاجی حسن البلقیہ اور شاہی خاندان کے دیگر معزز اراکین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا منتظر ہوں۔دورے کے دوسرے مرحلے پر وزیر اعظم نے کہا کہ برونائی سے میں 4ستمبر کو سنگاپور جائوں گا۔ میں صدر تھرمن شانموگرٹنم، وزیر اعظم لارنس وونگ، سینئر وزیر لی ہسین لونگ اور ایمریٹس سینئر وزیر گوہ چوک تونگ سے ملاقات کے موقع کا منتظر ہوں۔ میں سنگاپور کی متحرک کاروباری برادری کے رہنماں سے بھی ملاقات کروں گا۔انہوں نے کہا’’میں سنگاپور کے ساتھ خاص طور پر جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ترقی کے نئے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے کے لیے اپنی بات چیت کا منتظر ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے دوروں سے برونائی، سنگاپور اور عظیم آسیان خطے کے ساتھ ہماری شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی‘‘۔