ایجنسیز
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی برطانیہ اور مالدیپ کے چار روزہ دورے پر بدھ کے روز دہلی سے لندن روانہ ہو گئے۔ مودی نے روانگی سے قبل جاری کردہ پریس بیان میں کہا، ’’ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور اس میں حالیہ برسوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ہم تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، اختراع، دفاع، تعلیم، تحقیق، صاف معیشت اور صحت جیسے وسیع شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ اس میں دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان روابط کو بڑھانا بھی شامل ہے۔‘‘وزیراعظم نے کہا کہ وہ برطانیہ کے دورے کے دوران وزیراعظم کیر اسٹارمر سے ملاقات کریں گے اور اس سے ہماری دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک میں خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے مواقع بڑھانے پر گفتگو کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے قیام کے دوران برطانوی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کے متمنی ہیں۔وزیراعظم جمعہ کے روز مالدیپ پہنچیں گے۔ ان کا مالے کا دورہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس دورے کے دوران مودی مالدیپ کے 60ویں یوم آزادی کے جشن میں شرکت کریں گے۔ اس سال ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا، “میں اپنی جامع اقتصادی اور سمندری سکیورٹی شراکت داری کو آگے بڑھانے اور بحر ہند کے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے صدر معیزو اور مالدیپ کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا منتظر ہوں”۔