بریلی//کانگریس صدر اور امیٹھی کے ایم پی راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی حکومت چند منتخب صنعت کاروں کے لئے ہی کام کر رہی ہے جبکہ کسان پریشان ہے اور اس کی کوئی سننے والا نہیں ہے۔کانگریس صدر بننے کے بعد پہلی بار اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی پہنچے گاندھی نے سلون قصبے میں جلسہ عام میں کہا کہ مرکزی حکومت تنازعہ کھڑا کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کر رہی ہے، کسانوں کی زمین چھین کر کچھ منتخب صنعت کارووں کو دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحیح معنوں میں مودی حکومت دس پندرہ صنعت کاروں کی ہی حکومت ہے جس کا کسانوں سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر الزام لگایا ہے کہ انہیں بڑی بڑی باتیں کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کو کسانوں اور نوجوانوں کو بے وقوف بنانے کی مہارت حاصل ہے۔ آلو کسانوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مناسب قیمت دلانے میں ریاستی حکومت پوری طرح ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیٹھی کے ساتھ مرکزی حکومت کا سوتیلا برتاؤ زیادہ دن تک چلنے والا نہیں ہے، ان کی حکومت بننے پر یہاں فوڈ پارک ضرور بنے گا۔جلسے سے خطاب کرنے کے بعد گاندھی نگر پنچایت سلون کی بورڈ میٹنگ میں بھی شامل ہوئے۔ ملاقات کے دوران 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر بجٹ دستیاب کرائے جانے پرراہل گاندھی نے کہا کہ موجودہ مردم شماری کی بنیاد پر بجٹ فراہم کرنے کے بارے میں وہ ریاستی حکومت سے بات کریں گے۔ اس سے قبل لکھنؤ سے سلون جاتے وقت موہن لال گنج، نگوہا، بچھرائوں ہرچندپور اور رائے بریلی شہر میں راہل گاندھی کا پھولوں کے ہار کے ساتھ زوراستقبال ہوا۔ انہوں نے چیرا بیلی کے سرحد پر واقع چنگوا پورا واقع مشہور ہنومان مندر کا بھی دورہ کیا۔بورڈ کے اجلاس کے بعد، راہل گاندھی پرشدیپورہوتے ہوئے امیٹھی کے لئے روانہ ہوگئے۔ راہل گاندھی کا استقبال کرنے والوں میں لیڈر پرمود تیواری، ایم ایل سی دنیش پرتاپ سنگھ ضلع صدر وی کے شکلا، سعید حسن سمیت ہزاروں کارکن موجود رہے۔