نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیل کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ اسرائیل کے دورے پر جانے والے وہ پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔ سال 1992 میں ہندوستان کے اسرائیل کے ساتھ دو طرفہ تعلقات قائم ہوئے تھے۔ مسٹر مودی نے اسرائیل کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ ایک مشترکہ بلاگ میں لکھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سال در سال مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور ہمارے درمیان کئی طرح کی مماثلتیں بھی ہیں۔ دونوں ملک ہاتھ سے ہاتھ ملا کر ایک پارٹنر کے طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔وہیں، پی ایم او کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا ہے، "وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیل کے تاریخی دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔" مسٹر مودی چار سے چھ جولائی تک تین روزہ اسرائیل کے دورے پر رہیں گے۔ اس کے بعد وہ سات سے آٹھ جولائی تک جرمنی میں ہونے والی جی -20 ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔