سرینگر//وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے جی ایس ٹی کونسل کو ملک کا پہلا وفاقی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے ٹیکس نظام سے ریاست میں کواپریٹیووفاقیت کیلئے راہ ہموار ہوگی۔رائیل سپرنگس گالف کورس سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے درابو نے کہا کہ جی ایس ٹی بھارت کے وفاقی ڈھانچے کے اقتصادی اور سیاسی منظر نامے میں نمایاں تبدیلی لائے گا اور اس کی بدولت کواپریٹیو اور مقابلہ جاتی وفاقیت کے لئے راہ ہموار ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے ٹیکس نظام نے ملک میں نئی سیاسی، اقتصادی اور سماجی حقیقتوں کو سمجھتے ہوئے ہموار وفاقیت کے بیج بوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جی ایس ٹی کو زیادہ ترملک بھر میں وفاقی سیاست میں تبدیلی لانے کے نظرئیے سے دیکھا جانا چاہئے۔وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی، ٹیکس جمع کرنے کے نظام کو ادارہ جاتی حیثیت دے گا اور زیادہ ٹیکس وصول کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔انہوںنے کہا کہ اس عمل سے بھارت ایک بہتر اور فعال ملک بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حاکمیت اور خود مختار ی کے کئی معاملات ہو سکتے ہیں تاہم جی ایس ٹی کونسل بھارت کا پہلا وفاقی ادارہ ہے اور ہم مزید ادارے سامنے آنے کے متمنی ہے ۔ درابو نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں زندگی کی کثیر سطحی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک طرف موجودہ صورتحال کا سامنا ہے مگر عمل یہی پر نہیں رُکتا ہے ۔